بھوپال:20نومبر:آج نماز جمعہ سے قبل موتی مسجد بھوپال میں قاضی شہر حضرت مولانا سید مشتاق علی ندوی مدظلہٗ نے ’بیوائوں کے حقوق‘ کو اپنے خطاب کا موضوع بناتے ہوئے فرمایا کہ اسلام سے پہلے بیوہ عورت سماج میں محرومی کا شکار تھی۔ اسے کوئی عزت ووقعت حاصل نہ تھی۔ وہ اپنے شوہر کی وفات کے بعد بقیہ زندگی نہایت تکلیف ومصیبت میں بسر کرتی تھی۔ یہودیوں کے یہاں بیوہ عورت اپنے شوہر کے بھائی کی ملکیت ہوجاتی تھی، وہ جس طرح چاہتا اسے رکھتا اور جو چاہتا اس کے ساتھ سلوک کرتا۔ کوئی اس کی داد رسی نہیں کرسکتا تھا۔ عیسائی مذہب نے بھی بیوہ عورت کے لئے کوئی مثبت ہدایت نہیں دی۔ ہندوسماج میں تو شوہر کی وفات کے بعد بیوہ کو جینے کا حق ہی نہیں تھا اور وہ شوہر کی چتا میں زندہ جل کرستی کی رسم پورا کرنا اپنا مذہبی فرض سمجھتی تھی۔ وہ اگر زندہ بھی رہتی تو پوری زندگی اپنے شوہر کے سوگ میں گزارتی۔اسے زیب وزینت یادنیا کی لذتوں سے لطف اندوز ہونے کا کوئی حق نہ تھا۔ عربوں میں بھی بیوہ کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جاتا تھا۔ شوہر کی وفات کے بعد بیوہ شوہر کے وارثوں کی ملکیت میں آجاتی اور وہ جیسا سلوک چاہتے اس کے ساتھ کرتے۔ اس سے مہر معاف کراتے۔ طرح طرح اسے ستاتے۔ اسے اپنی مرضی سے دوسری شادی نہیں کرنے دیتے تھے۔ رحمت دوعالم حضرت محمد ﷺ مبعوث ہوئے تو بیوہ کے برے دن اچھے دنوں میں بدل گئے۔ آپ ﷺ نے نہ صرف بیوہ عورت کو سماج میں باعزت مقام دلایا اور اس کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید کی بلکہ اپنے عمل سے بیوہ کو وہ شان وعظمت عطا کی جس کا تصور بھی عربوں میں نہیں کیا جاسکتا تھا۔ آپﷺ نے پچیس سال کی عمر میں جبکہ آپ نوجوان تھے ۔ خوبصورت سے خوبصورت عورت آپﷺ کے پیغام کو قبول کرسکتی تھی۔آپﷺ نے چالیس سالہ ادھیڑ عمر کی بیوہ سے شادی کرکے جاہلانہ رسموں کے خلاف عملی قدم اٹھایا حالانکہ اس عمر میں ہر شخص چاہتا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ کمسن عورت سے شادی کرے۔آپﷺ کی دوسری ازواجِ مطہرات میں بھی بڑی تعداد بیواؤں کی ہے۔
محترم بزرگو اور دوستو! کسی عورت کے لئے اس سے زیادہ آزمائش اور مصیبت اور کوئی نہیں ہوسکتی کہ اس کا شوہر اس سے ہمیشہ کے لئے جدا ہوجائے۔ شوہر کی وفات سے بیوی کوصرف جذباتی صدمہ ہی نہیں پہنچتا بلکہ اس کے سامنے مسائل کا ایک ہجوم منڈلانے لگتاہے۔کل تک جو شخص اس کی اور اس کے بچوں کی تمام ضروریات پوری کرتا تھا،اس کے دکھ درد میں شریک ہوتاتھا، ہرآڑے وقت میں اس کا سہارا بنتا تھا، اس کی عزت وعفت کی حفاظت کرتاتھا، جس کے دیکھتے ہی اس کا دل خوشیوں سے بھر جاتاتھا، جو گھر کی رونق تھا جو تمام اخراجات اور حادثات کے وقت اس کا تنہا سہارا تھا، اس کے انتقال سے عورت پر جو گزرتی ہے اس کا اندازہ صرف بیوہ ہی لگا سکتی ہے۔
آج کل ہمارے معاشرہ میں بیوہ سے نکاح کرنے کو معیوب سمجھا جاتا ہے حالانکہ یہ بھی ایک اہم سنت ہے جس کی طرف مسلمانوں کو فوری توجہ کرنی چاہئے۔ دوراول میں اسلامی معاشرہ میں بیواؤں سے شادی کرنے کوبڑے اجر کا کام سمجھا جاتا تھا اور اس سے مسلم معاشرہ بہت سے مسائل سے دوچار ہونے سے بچ جاتا تھا۔ کسی بیوہ سے نکاح کرکے اس کی اور اس کے بچوں کی کفالت کرنا عظیم نیکی ہے جس کے حصول پر ہر مسلمان کو سعادت محسوس کرنی چاہئے۔ خود کسی بیوہ سے نکاح کرکے اس نیکی وسعادت کو حاصل کیجئے یا اس کا نکاح کسی مناسب شخص سے کراکر حکم خداوندی کی تعمیل کیجئے یا اس سلسلے میں جو بھی خدمت انجام دے سکتے ہو ں، ضرور انجام دیجئے۔
آج مسلم معاشرے اس طرف توجہ دینے کی بہت ضرورت ہے ،بیوائوں سے حسن سلوک،ان کی ضروریات کا خیال اور اگر وہ نکاح ثانی کی طرف مائل ہو تو اس میں معاون و مددگار بننا ؑظیم ترین نیکی ہے ۔ہمیں اس عمل کی عظمت کو صراحت سے بتانے کی ضرورت بھی نہیں ہے ،بس ہم اہل ایمان کیلئے اتنا ہی کافی ہے کہ رسول رحمت ﷺ نے سوائے ایک کنواری خاتون کے تمام نکاح بیوائوں سے کئے ہیں ،حضور کا یہ عمل ہمیں پیغام دیتا ہے کہ ہم بیوائوں کے ساتھ حتی الامکان حسن سلوک کریں ،ان کی ضروریات کا خیال رکھیں اور اگر انہیں نکاح کے ذریعے مستقل سہارا دینا ممکن ہو تو پھر یہ بڑا بابرکت اور اجر والا عمل ہے ۔ہمارے نوجوان بچے ایسی بیوائوں کو اپنے نکاح میں لاکر اسلامی معاشرے کیلئے عظیم کردار نبھا سکتے ہیں۔
دوسری طرف اگرکوئی بیوہ عورت ننھے منے بچے رکھتی ہے اور وہ ان کی پرورش کی خاطر کوئی دوسرا نکاح نہیں کرتی اور یہ سمجھتی ہے کہ دوسرا نکاح کرنے سے ان بچوں کی پرورش متاثر ہوگی اور وہ ان بچوں کی پرورش کیلئے محنت کرتی ہے تو یہ بڑے اجر وثواب کا کام ہے۔ نبی کریم ﷺنے ایسی بیوہ کی عظمت ایک واقعہ کی صورت میں یوں بیان فرمائی ہے۔
’’قیامت کے دن میں سب سے پہلے جنت کا دروازہ کھولوں گا تو دیکھوں گا کہ ایک عورت مجھ سے پہلے جنت میں جانا چاہتی ہے۔میں پوچھوں گا تو کون ہے؟ وہ کہے گی کہ میں ایک بیوہ عورت ہوں جس کے چند ننھے یتیم بچے تھے اور میں نے ان بچوں کے سہارے ہی اپنی زندگی تمام کرلی ،کوئی نکاح نہیں کیا۔
حضور ﷺ نے فرمایا کہ ’’میں اور وہ عورت جس نے اپنی نفسانی خواہشات کی قربانی دیتے ہوئے اپنے بچوں کیلئے پوری زندگی گزار دی، جنت میں ان دوانگلیوں کی طرح قریب قریب ہوں گے ۔اللہ تعالیٰ ہمیں بیوائوں کے ساتھ ہر ضرورت مند افراد کیلئے معاون و ہمدرد بنائے ۔