بھوپال 20نومبر: وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے جمعہ کے روز گوالیار میں ینگ تھنکرز کنکلیو-2026 کی تقریب میں نوجوانوں سے مکالمہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ینگ تھنکرز اور دانشوروں کو دیوتھان ایکادشی (تُلسی ویواہ) کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج سے شری ہری وشنو یوگ نیدرا سے بیدار ہوگئے ہیں۔ نوجوان ہی ملک اور معاشرے میں تبدیلی لاتے ہیں۔ یہ وقت سب کے بیدار ہونے اور معاشرے کو بیدار کرنے کا بھی ہے۔ دیوتھان ایکادشی کے موقع پر ہم سب نئے خیالات اور نئے عزم کے ساتھ بیدار ہوں۔ ہمیں اپنے مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے دور میں ہندوستان دنیا کا سب سے زیادہ نوجوان آبادی والا ملک ہے اور یہ ہماری طاقت بھی ہے، لیکن نوجوانوں کو اپنے مقصد کے تئیں یکسو ہونے اور حریفوں سے آگے نکلنے کے لیے خود کو اہل بنانا ہوگا۔ اس کے لیے نوجوانوں کو صحیح سمت دکھانے کی ضرورت ہے۔ ینگ تھنکرز کنکلیو-2026 کا مقصد بھی یہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس 3 روزہ پروگرام میں ہندوستانی علمی روایت اور فلسفے سمیت 300 سے زیادہ موضوعات پر فکری تبادلہ خیال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہی دنیا کا واحد ایسا ملک ہے جو ہر طرح کے خیالات اور نظریات کا خیرمقدم کرتا ہے۔ یہاں خیالات اور اظہار رائے کی آزادی ہے اور یہی ہماری خوبی بھی ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے 3 روزہ تھنکرز کنکلیو-2026 کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے رجسٹریشن اور انتخابی عمل کے ذریعے منتخب کیے گئے 300 نوجوانوں کے خیالات کا یہ مجموعہ وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کے ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے گوالیار کے لکشمی بائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فزیکل ایجوکیشن میں 3 روزہ ینگ تھنکرز کنکلیو-2026 کے آٹھویں ایڈیشن کا افتتاح کیا۔ اس 3 روزہ پروگرام میں ملک کی 26 ریاستوں سے منتخب تقریباً 350 نوجوان دانشور، کامیاب شخصیات، فنکار اور مصنفین شرکت کر رہے ہیں۔ تقریب میں وزیراعلیٰ نے مصنف مسٹر کرشن کمار شریواستو کی تحریر کردہ کتاب ’’علامہ اقبال کے دو چہرے‘‘ کا اجراء بھی کیا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ہم ریاست کے نوجوانوں کی بے پناہ توانائی، صلاحیت، ان کی مہارت، ہنر، اختراعی سوچ اور کام کرنے کی استعداد کو مدھیہ پردیش کی ترقی میں بروئے کار لانے کے لیے نوجوانوں کو ہر ممکن مواقع فراہم کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے اگلے سال کو نوجوانوں کا سال قرار دیا ہے۔ نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہماری حکومت نے کئی اقدامات کیے ہیں۔ نوجوانوں کے سال میں ہم منصوبہ بند طریقے سے اپنی کوششوں کو مزید تیز کریں گے۔
**اقوام متحدہ کے فیصلوں پر ہندوستانی تہذیب کا اثر**
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ گوالیار بھارت رتن قابل احترام مسٹر اٹل بہاری واجپائی اور داتا بندی چھوڑ کی سرزمین ہے۔ یہاں کی مٹی ہمیشہ سے فکری بصیرت سے مالا مال رہی ہے۔ گوالیار نے پورے ملک کو سمت دکھائی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گجرات کے سومناتھ مندر پر بیرونی حملہ آوروں نے کئی مرتبہ حملے کیے، لیکن یہ مندر آج بھی اپنی پوری شان و شوکت کے ساتھ قائم ہے۔ سمندر کے کنارے سناتن تہذیب کا پرچم فخر کے ساتھ لہرا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہندوستان کی رنگا رنگ اور تنوع سے بھرپور تہذیب میں ’’وسودھیو کٹمبکم‘‘ یعنی پوری دنیا ایک خاندان ہے، کا جذبہ پایا جاتا ہے۔ ہماری تہذیب سب کو جوڑتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستانی تہذیب کا اثر اقوام متحدہ کے فیصلوں میں بھی اکثر دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے 21 جون کو بین الاقوامی یوگا ڈے کے طور پر تسلیم کیا جانا ہندوستانی تہذیب کے عالمی اثرات کی سب سے بڑی مثال ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ہماری حکومت نے قدیم زمانے کے حساب و شمار کی بنیاد پر ویدک گھڑی تیار کی ہے، جو آئندہ سنگھستھ مہاکمبھ میں عقیدت مندوں کو ویدک طریقے سے وقت بتائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حسابِ وقت میں 27 نکشتر ہیں، جو ایک سال میں 4 مرتبہ آتے ہیں۔ اجین میں سمراٹ وکرمادتیہ کا دور حکومت ہو یا مختلف علاقوں کے حکمران، سبھی نے سکے تیار کروائے اور ان سکوں پر ان کی ریاست کی منفرد شناخت واضح طور پر نظر آتی تھی۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ہمارے دیو استھان، عقیدت کے مراکز ہونے کے ساتھ ساتھ فن تعمیر اور سنگ تراشی کے بھی حیرت انگیز نمونے ہیں۔ ان میں صرف گربھ گرہ میں بھگوان کی مورتی ہی نہیں ہوتی، بلکہ پورے احاطے میں کتب خانے، انا کھیتر (لنگر خانے)، آبی ذخائر، رنگ منچ کے لیے آڈیٹوریم، مہمان خانے اور پودے تیار کرنے کے لیے نرسری جیسی متعدد سہولیات بھی دستیاب ہوتی ہیں۔ کمبوڈیا کا انگکور واٹ مندر دنیا کا سب سے بڑا مذہبی یادگاروں کا احاطہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک حیرت انگیز عالمی ورثہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو گرہ میں سورج روشنی اور توانائی کا ذریعہ ہے، جو کائنات کو آگے بڑھاتا ہے۔ اسی طرح سناتن تہذیب میں سنت اور مہاتما اپنے لباس کے آگ جیسے رنگ کے ذریعے انسانی معاشرے کو علم کی روشنی فراہم کرتے ہیں۔ جیسا ہمارے جسم میں ہے، ویسا ہی کائنات میں بھی ہے۔ اسی لیے ہم سائنس کے ساتھ ساتھ قدرتی طور پر کائنات کے نظامِ کار پر بھی یقین رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ینگ تھنکرز کے لیے اس طرح کے فورم فراہم کرنے پر منتظمین کو مبارکباد دی۔









