نئی دہلی، 17 نومبر: مشرقی دہلی کے وویک وہار علاقے میں منگل کی صبح 10بجے ایک دو منزلہ عمارت اچانک منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص اور ایک بچے کی دردناک موت ہو گئی۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ملبے تلے دبے 7-6 افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، جبکہ مزید کچھ افراد کے دبے ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر تلاش کا عمل جاری ہے۔ موقع پر ٹوٹی ہوئی کنکریٹ کی سلیب اور لوہے کے سریے بکھرے پڑے ہیں اور بھاری تعداد میں شہری جمع ہیں۔ واضح رہے کہ دارالحکومت دہلی میں عمارتیں گرنے کے واقعات تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں اور رواں برس پیش آنے والے پانچ بڑے حادثات میں اب تک 21 افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ اس سے قبل 5 نومبر کو چاوڑی بازار میٹرو اسٹیشن کے قریب گلی ستارہ میں تین منزلہ زیرِ تعمیر عمارت گرنے سے 2 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسی طرح 30 مئی کو سیدولاجاب میں چار منزلہ تجارتی عمارت ڈھنے سے 6 اموات اور 13 افراد زخمی ہوئے، 8 جولائی کو روہنی سیکٹر-16 میں بارش کے دوران دو زیرِ تعمیر عمارتیں گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے، 21 اگست کو قرول باغ کے ریگر پورہ میں انہدامی کام کے دوران ایک مزدور ہلاک و دو زخمی ہوئے، 6 ستمبر کو ستیہ نکیتن میں پانچ منزلہ پی جی عمارت گرنے سے 7 افراد کی موت ہوئی، جبکہ 7 اکتوبر کو سیما پوری میں چار منزلہ عمارت کا اگلا حصہ گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے تھے۔









