ممبئی، 2 جنوری (یو این آئی) فوبی لچفیلڈ کی 119 رن کی سنچری اور الیسا ہیلی کی 82 رن کی نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے منگل کو تیسرے اور سیریز کے آخری ون ڈے میں ہندوستان کو جیت کے لئے 339 رن کا ہدف دیا ہے۔وانکھیڈے اسٹیڈیم میں آج ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری آسٹریلیا کی فوبی لچفیلڈ اور ایلیسا ہیلی کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لئے 189 رنز کی شراکت کے ساتھ ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ لچفیلڈ نے 125 گیندوں میں 16 چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 119 رنز بنائے۔ وہیں کپتان الیسا ہیلی نے 85 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگ کھیلی۔ایلیز پیری 16 رنز، ایشلے گارڈنر 30، اینابیل سدرلینڈ 23 رنز، بیتھ مونی تین رنز اور تالیا میک گرا صفر پر آؤٹ ہوئیں۔ جارجیا ویرہم 11 اور ایلانا کنگ 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں پر 338 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ہندوستان کی جانب سے شریانکا پاٹل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ امنجوت کور نے دو اور پوجا وستراکر اور دیپتی شرما نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔