نئی دہلی 10نومبر:کانگریس کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی نے 2004 میں (جب وہ پارٹی صدر تھیں) منموہن سنگھ کو ملک کی قیادت کی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کا ماننا تھا کہ منموہن سنگھ کی دیانت داری پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا اور انہیں حکمرانی اور انتظامی امور کی گہری سمجھ ہے۔ سونیا گاندھی کو یقین تھا کہ منموہن سنگھ کے وزیر اعظم بننے سے متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کی حکومت کی صلاحیت اور کارکردگی کے تعلق سے لوگوں کے ذہنوں میں موجود شکوک و شبہات دور ہوں گے اور کئی برس پہلے شروع کی گئی پالیسیوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ سونیا گاندھی نے اپنی طویل انتظار کے بعد منظر عام پر آنے والی یادداشتوں پر مشتمل کتاب ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ میں اس فیصلے کی وجوہات بیان کی ہیں۔ ہارپر کولنس انڈیا کے ذریعہ شائع یہ کتاب منگل کو بازار میں آ گئی ہے۔ سونیا گاندھی نے اس میں لکھا ہے کہ جب انھوں نے وزیر اعظم کا عہدہ قبول نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا تو یہ طے کرنا ضروری تھا کہ آخر کون اس عہدے کی ذمہ داری سنبھالے گا اور وزیر اعظم کے طور پر حلف لے گا۔
سونیا گاندھی نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ ’’کئی سینئر ساتھی ایسے تھے جو تجربہ کار بھی تھے اور اس عہدے کے لیے اہل بھی۔ وہ خوشی خوشی اس ذمہ داری کو قبول کر لیتے۔ لیکن ان سب میں ایک شخص ایسا تھا جس پر میری نظر کافی عرصے سے تھی۔ وہ ایسا شخص تھا جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا تھا اور جسے حکمرانی اور انتظامی امور کی پیچیدگیوں اور باریکیوں کی بہتر سمجھ تھی۔ وہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر منموہن سنگھ تھے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ایک تجربہ کار ماہر اقتصادیات کی حیثیت سے منموہن سنگھ نے 1990 کی دہائی کے اوائل میں وزیر خزانہ رہتے ہوئے اس وقت کے وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی قیادت میں ہندوستان میں اقتصادی اصلاحات نافذ کی تھیں۔
چوری کا ملزم کو گرفتار
الور، 10 نومبر (یو این آئی) راجستھان میں کوٹ پوتلی بہرور ضلع کے بہرور تھانہ علاقے میں پولیس نے گھر میں گھس کر چوری کی واردات انجام دینے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس ذرائع نے منگل کو بتایا کہ ملزم کے قبضے سے چوری کے سونے چاندی کے زیورات اور 15 ہزار روپے نقد برآمد کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ واردات میں استعمال کی گئی موٹر سائیکل بھی ضبط کرلی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 5 نومبر کی رات پروین پال سنگھ کے گھر میں چوری کی واردات ہوئی تھی۔ اس سلسلے میں شکایت درج ہونے کے بعد پولیس نے تفتیش کرکے ملزم یعقوب عرف کیٹانو (37) کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق یعقوب تقریباً 2 سال سے فرار تھا۔ اس کے خلاف پہلے بھی نقب زنی اور چوری جیسے جرائم کے کل 22 مقدمات درج ہیں۔