بھوپال،10 نومبر(پریس ریلیز)اللہ تعالیٰ کا بے پایاں فضل و کرم ہے کہ اس نے 14 سالہ خوش نصیب حافظ محمد اجمل سلمہ ولد قاری عبدالحنان صاحب جامعی، نائب امام مسجد قدسیہ بیگم، نزد اقبال میدان، بھوپال کو محض دو سال کی مختصر مدت میں حفظِ قرآن کریم کی عظیم سعادت سے سرفراز فرمایا۔ وہ مدرسہ ریاض العلوم، بان گنگا، ٹی ٹی نگر، مارکیٹ، بھوپال کے طالب علم ہیں۔اس مبارک موقع پر تکمیلِ حفظ کی خوشی میں ایک بابرکت دعائیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں علماء کرام، حفاظ عظام، ائمہ مساجد اور احباب نے شرکت کرکے نوخیز حافظِ قرآن اور ان کے والدین کو دلی مبارک باد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں کیں۔
حافظ محمد اجمل سلمہ نے اپنے استاذِ محترم قاری حسین صاحب اشاعتی، مدھوبنی، بہار کی نگرانی و تربیت میں حفظِ قرآن کریم کی تکمیل کی۔ اس موقع پر مدرسہ ریاض العلوم کے ناظمِ محترم حضرت مولانا محمد محبوب عالم صاحب قاسمی کی دینی و تعلیمی خدمات اور طلبہ کی تعلیم و تربیت کے لیے ان کی مخلصانہ کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔ بلاشبہ کسی ادارے کی علمی و تربیتی کامیابی میں اس کے ذمہ داران کی محنت، اخلاص اور سرپرستی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
ا مشہور عالم دین حضرت مولانا مفتی ڈاکٹر محمد عرفان عالم صاحب قاسمی نے بھی بچہ اور ان کے والدین اور ان کے اساتذہ کو مبارکبادی پیش کی ہے۔آپ کے علاوہ مفتی محمد فیاض عالم صاحب جامعی، قاری احمد علی جامعی، مفتی شمس تبریز صاحب جامعی، مفتی مرتضیٰ صاحب جامعی، مولوی نعمان صاحب جامعی، قاری عبدالقدوس صاحب، حافظ انوار الحق صاحب، قاری عبداللہ صاحب، حافظ ممتاز صاحب، قاری اکبر علی صاحب، حافظ ارشاد صاحب، حافظ انتخاب صاحب، حافظ انعام صاحب، قاری محمود صاحب، حافظ عبد السبحان صاحب، مولوی شکیل صاحب جامعی، حافظ نظام الدین صاحب، حافظ طبیب صاحب اور دیگر علماء کرام، ائمہ، مؤذنین، دوست و احباب نے مبارک باد پیش کی۔مقررین نے اپنے تاثرات میں کہا کہ کم عمری میں قرآن کریم حفظ کرنا یقیناً اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور قابلِ رشک سعادت ہے، تاہم اصل کامیابی یہ ہے کہ حافظ قرآن اپنے حفظ کی حفاظت کے ساتھ قرآنی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے، اخلاق و کردار میں قرآن کا عملی نمونہ پیش کرے اور دین و ملت کی خدمت کے لیے اپنی صلاحیتیں وقف کرے۔
تقریب کے اختتام پر مفتی محمد فیاض عالم صاحب جامعی نے حافظ محمد اجمل سلمہ، ان کے والدین، استاذِ محترم قاری حسین صاحب اشاعتی، ناظمِ مدرسہ مولانا محمد محبوب عالم صاحب قاسمی اور تمام متعلقین کے حق میں خصوصی دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ اس کم سن حافظ کو قرآن کریم کا سچا خادم، عامل اور دین و ملت کے لیے نافع بنائے، اس کے علم و عمل میں برکت عطا فرمائے اور والدین و اساتذہ کی محنتوں کو شرفِ قبولیت بخشے۔ آمین یا رب العالمین۔