ناگپور، 03 مارچ (یو این آئی) ہمانشو منتری کی 126 رن کی سنچری اننگز کی مدد سے مدھیہ پردیش نے رنجی ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں 252 رن بنا کر ودربھ کے خلاف پہلی اننگز کی بنیاد پر 82 رن کی سبقت حاصل کر لی۔ ناگپور کے ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں مدھیہ پردیش کے اویش خان نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ودربھ کو پہلی اننگز میں 170 رن پر سمیٹ دیا۔ اس کے بعد جواب میں مدھیہ پردیش کی ٹیم نے وکٹ کیپر بلے باز ہمانشو منتری کی 126 رن کی سنچری اننگز کی مدد سے 252 رن بنائے۔ ہمانشو منتری نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی چھٹی سنچری 210 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائی ہے۔ اس سیزن میں یہ ان کی تیسری سنچری ہے۔ منتری بلے بازی کے لیے ایسے وقت آئے جب مدھیہ پردیش نے 100 رن پر چار وکٹ گنوا دیے تھے اور ٹیم دباؤ میں تھی۔ ہرش گاولی 25 رن، ساگر سولنکی 26 رن، سرنش جین 30 رن، یش دوبے 11 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ باقی ماندہ بلے بازوں میں سے کوئی بھی ڈبل فیگرز تک نہیں پہنچ سکا۔ ودربھ کی جانب سے امیش یادو اور یش ٹھاکر نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں۔ اکشے واکھرے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ آدتیہ سروٹے نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔آج کے کھیل کے اختتام تک ودربھ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رن بنا لیے ہیں۔ دھرو شوری 10 رن اور اکشے وکھارے ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ کریز پر تھے۔ فی الحال مدھیہ پردیش کی برتری 69 رن ہے۔مدھیہ پردیش کے اویش نے آج 11 رن پر اتھروا تائیڈے کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔