بھوپال، 16 اگست :(پریس ریلیز) ملک عزیز بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر مدرسہ فاطمۃ الزہراء للبنات، مرغی بازار، شاہجہاں آباد، بھوپال میں ایک پُروقار جشنِ آزادی پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام میں مدرسہ کی طالبات، اساتذہ، علماء کرام اور دیگر معزز شرکاء نے شرکت کی۔تقریب میں مدرسہ کی بچیوں نے آزادیٔ وطن، حب الوطنی اور تعمیرِ وطن کے موضوعات پر پُراثر تقاریر پیش کیں۔ طالبات نے بھارت کی آزادی کے لیے علماء کرام اور مجاہدین کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کی خدمات اور جدوجہد کو نئی نسل تک پہنچانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ بچیوں نے وطنِ عزیز کی سلامتی، امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں بھی کیں اور ملک کی حفاظت، اتحاد و اتفاق اور تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔اس موقع پر طالبات نے وطن سے محبت پر خوب صورت نظمیں بھی پیش کیں، جنہیں حاضرین نے بہت پسند کیا اور بچیوں کی حوصلہ افزائی کی۔جشنِ آزادی کے اس پروگرام میں حب الوطنی کے ساتھ ساتھ صحت و تندرستی، پانی کی حفاظت، پانی بچانے، پانی ہوا اور زمین کو آلودگی سے بچائیں، شجرکاری،میرا وطن بھارت، ٹرافک قوانین کی پابندی، صفائی و نظافت، ادب و اخلاق اور معاشرتی ذمہ داری جیسے اہم موضوعات پر بھی طالبات نے اظہارِ خیال کیا۔









