نئی دہلی:21؍جولائی:2 بار اولمپک تمغہ جیتنے والی بھارتی بیڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو نے اپنی شاندار واپسی کا کریڈٹ بھارتی کرکٹر وراٹ کوہلی کو دیا ہے۔ انہوں نے دو روز قبل ہفتہ کے دن جاپان اوپن سپر-750 کا خطاب اپنے نام کیا۔ سندھو نے تقریباً 2 سال بعد کسی بڑے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتا ہے۔ اس سے قبل وہ اپنے کیریئر کے سب سے مشکل دور سے گزر رہی تھیں۔31 سالہ پی وی سندھو نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنے کم بیک میں وراٹ کوہلی کے کردار کا انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کیریئر کے سب سے مشکل مرحلے میں انہوں نے وراٹ سے مشورہ لیا تھا، اور ان کی ایک نصیحت نے ان کی سوچ ہی بدل دی۔سندھو نے جاپان اوپن کے فائنل میں تین بار کی عالمی چیمپئن جاپان کی اکانے یاماگوچی کو 21-17، 21-17 سے شکست دے کر خطاب جیتا۔سندھو کی دو اہم باتیں:سندھو نے لکھا: مسلسل انجری، خراب کارکردگی اور ذہنی دباؤ کے دوران میں نے وراٹ کوہلی سے رابطہ کیا۔ انہوں نے چند ہی منٹوں میں جواب دیا اور اگلے دن مجھ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران میرے شوہر وینکٹ دتّا سائی بھی موجود تھے۔سندھو نے کہا: “انجری کے دوران کئی بار میرا اعتماد متزلزل ہوا، لیکن میں نے خود پر یقین کبھی نہیں کھویا۔ جاپان اوپن کا یہ خطاب میرے لیے صرف ایک ٹرافی نہیں، بلکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ میرا سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔