برمنگھم، 14 جولائی (یو این آئی):بھارت اورانگلینڈ کے درمیان کھیلے جارہے پہلے یک روزہ بین الاقوامی میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 259رن کاہدف دیاہے، خبرلکھے جانے تک بھارت نے 40اوور میں 4وکٹ پر 227رن بنالئے تھے۔کپتان شبھمن گل 80 رنز بنا کر پٹھوں میں کھچاؤ (کریمپس) کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ شریاس ایئر 35 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، جبکہ کے ایل راہل کو جوش ٹنگ نے بولڈ کر دیا۔فی الحال واشنگٹن سندر اور اکشر پٹیل کریز پر موجود ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 50 رنز سے زائد کی شراکت قائم ہو چکی ہے۔قبل ازیں جو روٹ کی ناٹ آوٹ 76 اور لیام ڈاسن کی 68 رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت انگلینڈ نے ابتدا میں مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ہندوستان کے خلاف 47.5 اوورز میں 258 رنز بنائے۔ اس طرح ہندوستان کو جیت کے لیے 259 رنز کا ہدف ملا۔ہندوستان کے تیز گیندبازوں گُرنور براڑ، پرسدھ کرشنا اور جسپریت بمراہ نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے انگلینڈ کو 107 رنز پر 6 وکٹوں تک محدود کر دیا تھا۔ بعد ازاں بائیں ہاتھ کے اسپنر اکشر پٹیل نے چار وکٹیں حاصل کر کے میزبان ٹیم کو 258 رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔ انگلینڈ نے آخری چار وکٹیں صرف 30 رنز کے اضافے پر گنوائیں۔
انگلینڈ کی اننگز کو تین حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ ابتدا میں دونوں اوپنروں نے پہلے چھ سے سات اوورز میں محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا، لیکن اس کے بعد میزبان ٹیم نے وقفے وقفے سے وکٹیں گنوائیں اور ایک وقت اس کا اسکور 107 رنز پر 6 وکٹیں ہو گیا۔ اس نازک مرحلے پر جو روٹ اور لیام ڈاسن نے ساتویں وکٹ کے لیے 134 گیندوں پر 121 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس کی بدولت انگلینڈ کا اسکور258 رنز تک پہنچ سکا، جو اس وکٹ پر ایک چیلنجنگ اسکور سمجھا جا رہا ہے۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کرنے والی انگلش ٹیم کے لیے نئی گیند کا سامنا آسان نہیں تھا اور ہندوستانی گیندبازوں نے ابتدا ہی سے دباؤ برقرار رکھا۔ اگرچہ اوپنروں نے پاور پلے میں بغیر کسی نقصان کے 51 رنز جوڑ لیے، لیکن اس کے بعد گُرنور براڑ نے شاندار واپسی کرتے ہوئے ایک ہی اوور میں دونوں اوپنروں کو پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد کپتان ہیری بروک کے کریز پر آنے پر شبھمن گل نے جسپریت بمراہ کو گیند تھمائی، جنہوں نے بروک کو سلپ میں کیچ آؤٹ کرا دیا۔
پرسدھ کرشنا نے بھی ایک ہی اوور میں جوس بٹلر اور سیم کرن کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا، جس کے نتیجے میں میزبان ٹیم نے صرف 80 رنز پر اپنی پانچ وکٹیں گنوا دیں۔ تاہم اس کے بعد جو روٹ اور لیام ڈاسن نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو باعزت مجموعے تک پہنچایا۔
ہندوستان کی جانب سے اکشر پٹیل سب سے کامیاب گیندباز رہے، جنہوں نے 62 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پرسدھ کرشنا نے 50 رنز کے عوض 2 وکٹیں، گُرنور براڑ نے 61 رنز دے کر 2 وکٹیں جبکہ جسپریت بمراہ اور شیوم دوبے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔









