بھوپال:11؍جولائی:وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ تعلیم ہی معاشرے میں تبدیلی لانے کا سب سے بڑا اور مؤثر ذریعہ ہے۔ ہماری حکومت بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے پْرعزم ہے۔ ہمارے بچے خوب پڑھیں، لکھیں اور زندگی میں آگے بڑھیں، اس کے لیے ہم قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق بچوں کو جدید انداز میں معیاری، روزگار پر مبنی اور بااخلاق تعلیم فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساندیپنی اسکول پی ایم شری اسکول اور پردھان منتری کالج آف ایکسیلنس کی شکل میں ریاست میں تعلیم کی سہ رخی دھارا تشکیل پا رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مدھیہ پردیش نے پرائمری اسکولی تعلیمی سطح پر ڈراپ آؤٹ کی شرح کو صفر کرنے کی تاریخی فراہمی حاصل کر لی ہے۔ ہمارے ساندیپنی اسکول ماڈل کی پورے ملک میں تعریف ہو رہی ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹریادو نے سنیچرکواندور میں ہند رکشک پنیہ اْدے پرکلپ کے پروگرام میں شامل ہوکر کے اسکولی طالبات میں قوم کی عظیم شخصیات کی سوانحِ حیات پر مبنی مفت کتابیں اور کاپیاں تقسیم کیں۔وزیراعلیٰ نے اسکولی طالبات سے گفتگو کی اور انہیں محبت کے ساتھ خوب ترقی کرنے کی دعائیں بھی دیں۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ اس سال بورڈ امتحانات میں ہمارے سرکاری اسکولوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سرکاری اسکولوں کا نتیجہ نجی اسکولوں سے بہتر رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بورڈ امتحانات کے نتائج میں ہمارے ساندیپنی اسکولوں کے 58 طلباء نے ریاستی سطح کی میرٹ لسٹ میں جگہ بنائی ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کی رہنمائی میں سیاست سے بڑھ کر قومی مفاد کو مقدم اور ــملک پہلے” کی پالیسی کو مرکز میں رکھتے ہوئے سماجی اصلاح اور لوگوں کو ترغیب دینے کے لیے متعدد کام کیے جا رہے ہیں۔ ہند رکشک تنظیم کے بانی اور عوامی رہنما آنجہانی لکشمن سنگھ گوڑ (لکھن دادا) نوجوان طاقت کے لیے تحریک کا سرچشمہ تھے۔ انہوں نے معاشرے کی بہتری کے لیے اس وقت کی حکومت کی بدانتظامی کے خلاف آواز بلند کی، اور مجھے بھی ان کا معاون بننے کا شرف حاصل ہوا۔ آج آنجہانی گوڑ کی 68 ویں یوم پیدائش پر پنیہ اْدے پرکلپ کے ذریعہ ہر سال 60 ہزار سے زیادہ طلباء کو کاپیاں، کتابیں اور عظیم شخصیات کی حوصلہ افزا زندگی کے واقعات پر مبنی کتابیں تقسیم کی گئی ہیں۔ ہند رکشک پرکلپ کی یہ کوشش انتہائی قابلِ تعریف ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ بھگوان شری کرشن اور سداما کی دوستی آج بھی معاشرے کو تحریک دیتی ہے۔ ہمارے نوجوان اس سے ترغیب لیں اور غریب و ضرورت مند دوستوں کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہیں۔ ریاستی حکومت نے گروپوریما مہوتسو کو دھوم دھام سے منانے کا فیصلہ لیا ہے ۔
پنیہ اْدے پرکلپ کے کنوینر مسٹر ایکلویہ گوڑ نے کہا کہ ہند رکشک پرکلپ کے بانی آنجہانی لکشمن سنگھ گوڑ نے سال 2004 میں اس پروجیکٹ کا آغاز کیا تھا۔ جس کے تحت 11 جولائی سے 11 اگست تک ایک ماہ کے دوران 60 ہزار سے زیادہ اسکولی طلباء میں 3 لاکھ سے زیادہ کاپیاں اور کتابیں تقسیم کی جائیں گی۔ تمام طلباء ان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
اس موقع پروزیر آبی وسائل مسٹر تلسی رام سیلاوٹ، اندور کے رکنِ پارلیمان مسٹر شنکر لالوانی، سابق وزیر اور رکنِ اسمبلی محترمہ اوشا سنگھ، سابق وزیر مملکت اور رکنِ اسمبلی مسٹر مہیندر ہارڈیا، رکنِ اسمبلی شریمتی مالنی گوڑ، رکنِ اسمبلی مسٹر گولو شکلا، مدھیہ پردیش ریاستی کوآپریٹو درج فہرست ذات مالیات و ترقیات کارپوریشن کے چیئرمین مسٹر ساون سونکر، سماجی کارکن مسٹر گورو رندیوے، مسٹر شرون چاوڑا، مسٹر سمیت مشرا سمیت دیگر عوامی نمائندے اور بڑی تعداد میں اسکولی طلباء موجود تھے۔