بھوپال:10؍جولائی:وز یر امداد باہمی ، کھیل اور نوجوان بہبود مسٹر وشواس کیلاش سارانگ نے جمعہ کو منترالیہ میں نریلا اسمبلی حلقہ کے تحت شہید بھگت سنگھ، سوامی وویکانند، سبھاش اور سمراٹ اشوک منڈل کے عہدیداران اورمیونسپل کارپوریشن کے افسران کے ساتھ میٹنگ کر کے علاقے کے ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔میٹنگ میں وزیر مسٹر سارنگ نے منڈل کے تحت آنے والے تمام وارڈوں میں پانی بھراؤ، آب فراہمی، ڈرینیج نظام، سڑکوں کی تعمیر اور مرمت، صفائی ستھرائی اور بجلی کی فراہمی سمیت شہریوں سے متعلق تمام بنیادی مسائل کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ ہر وارڈ کا تفصیلی سروے کر کے مسائل کا اندازہ لگایا جائے اور وقت مقررہ کے مطابق عملی منصوبہ تیار کر کے ان کا فوری، مؤثر اور مستقل حل یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور حکومت کی سہولیات کا فائدہ ہر شہری تک مؤثر طریقے سے پہنچنا چاہیے۔
نریلا اسمبلی بنے گی ملک کی سب سے صاف اسمبلی
میٹنگ میں وزیر مسٹر سارنگ نے کہا کہ نریلا اسمبلی کو ملک کی سب سے صاف ستھری اسمبلی کے طور پر قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی صرف ایک مہم نہیں بلکہ عوامی شمولیت کی ایک وسیع تحریک ہے۔ اس مقصد کے لیے اسمبلی کے ہر وارڈ، گلی اور محلے میں خصوصی صفائی مہم چلائی جائے گی۔ میونسپل کارپوریشن، عوامی نمائندوں، سماجی تنظیموں اور عام شہریوں کے تعاون سے نریلا کو صفائی کے شعبہ میں ایک مثالی ماڈل کے طور پر ترقی دی جائے گی۔
تمام وارڈوں میں ماتر-پتر سیوا کیندر قائم کیے جائیں گے
وزیر مسٹر سارنگ نے کہا کہ نریلا اسمبلی کے ہر وارڈ میں’ماتر- پترسیوا کیندر‘ قائم کیے جائیں گے۔ ان مراکز میں بزرگ شہریوں کے لیے تفریح اور ذہنی سرگرمی بڑھانے والی لائبریری، کیرم، شطرنج، فٹنس سے متعلق اور دیگر مختلف سرگرمیاں دستیاب ہوں گی، تاکہ وہ اپنے وقت کا بہتر استعمال کر سکیں، اپنے تجربات دوسروں کے ساتھ بانٹ سکیں اور معاشرے کی نئی نسل کو اپنے علم اور اقدار سے متاثر کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ثقافت میں ماں باپ کو دیوتا کے برابر سمجھا جاتا ہے۔ ان کی خدمت اور احترام ہی ہمارے معاشرے کی سب سے بڑی پہچان ہے۔ ’ماتر- پتر سیوا کیندر‘ اسی ہندوستانی تہذیب اور جذبہ خدمت کو مضبوط شکل دینے کی ایک بامعنی کوشش ہوگا۔
وسیع پیمانے پر بنیادی ڈھانچے اور سماجی ترقی کے کام ہوں گے
وزیر مسٹر سارنگ نے کہا کہ نریلا اسمبلی کی ہمہ جہت اور متوازن ترقی کے لیے وسیع پیمانے پر بنیادی ڈھانچے اور سماجی ترقی کے کام کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اسمبلی کے تمام وارڈوں میں جدید سہولیات سے آراستہ اسپورٹس کمپلیکس، پارک اور کمیونٹی ہال تعمیر کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی علاقے کے تمام اہم مندروں کی مرحلہ وار مرمت اور خوبصورتی کا کام بھی کرایا جائے گا تاکہ مذہبی اور ثقافتی ورثے کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ترقیاتی کاموں کی باقاعدہ نگرانی ہوگی
وزیرمسٹر سارنگ نے افسران کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کاموں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے اور ہر کام مقررہ مدت کے اندر معیاری انداز میں مکمل ہو۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں حساسیت، شفافیت اور جوابدہی کو سب سے زیادہ ترجیح دی جانی چاہیے۔ وزیرمسٹر سارنگ نے کہا کہ ہمارا مقصد ہر شہری کو معیاری سہولیات فراہم کرنا اور نریلا اسمبلی کی ہمہ جہت، منظم اور عوام پر مبنی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ شہریوں کو محفوظ، صاف ستھرا، سہولتوں سے آراستہ اور بہتر طرزِ زندگی کا ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
عوامی شراکت اور انتظامی ہم آہنگی کے ذریعہ نریلا اسمبلی کو ترقی، صفائی اور گڈ گورننس کا قومی نمونہ بنایا جائے گا۔