بھوپال:10؍جولائی:مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود اور آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن (اے بی ڈی ایم) مشن آپریٹنگ گروپ کے چیئرمین مسٹر جگت پرکاش نڈا نے آج نئی دہلی میں مشن آپریٹنگ گروپ کی تیسری میٹنگ کی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ اے بی ڈی ایم کے تحت مضبوط ڈیجیٹل صحت بنیادی ڈھانچہ تیار ہوا ہے اور اب پورے ملک میں اس کے وسیع استعمال، باہمی مطابقت اور شہریوں کی آسان رسائی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
مرکزی وزیر مسٹر نڈا نے کہا کہ ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کے ذریعہ معیاری صحت خدمات تک رسائی، علاج کا تسلسل اور شہریوں کو ان کے صحت ریکارڈ تک محفوظ اور رضامندی پر مبنی رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ریاستوں، مرکز کے زیزانتظام علاقوں اور تمام متعلقہ فریقوں سے محفوظ، جامع اور شہری-مرکوز ڈیجیٹل صحت خدمات کے فروغ کے لیے مربوط کوششیں کرنے کی اپیل کی۔میٹنگ میں اے بی ڈی ایم کی پیش رفت، ریاستوں میں نفاذ کے نظام، صحت اداروں اور صحت پیشہ ور افراد کی رجسٹریشن، سرکاری صحت پروگراموں کے ساتھ انضمام، نجی شعبہ کی شمولیت، صلاحیت سازی، اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سمیت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملک میں اب تک 93.95 کروڑ سے زائد اے بی ایچ اے نمبر بنائے جا چکے ہیں، 105 کروڑ صحت ریکارڈ منسلک کیے جا چکے ہیں، 5.33 لاکھ صحت سہولیات اور 9.85 لاکھ صحت پیشہ ور قومی ڈیجیٹل صحت رجسٹری سے جڑ چکے ہیں۔ تقریباً 24 کروڑ “اسکین اینڈ رجسٹر” ٹوکن بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔میٹنگ میں تریپورہ کے وزیر علیٰ ڈاکٹر مانک ساہا،مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ مسٹر راجیندر شکل،وزیر مملکت آیوش، صحت و خاندانی بہبود مسٹر پرتاپ راؤ جادھو، وزیر مملکت صحت و خاندانی بہبودشریمتی انوپریا پٹیل، وزیر مملکت تجارت و صنعت اور الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی مسٹر جتن پرساد، نیتی آیوگ کے رکن (صحت) ڈاکٹر ایم شرینواس ،حکومت ہند کے پرنسپل سائنسی مشیر پروفیسر اجے کمار سود،اوڈیشہ کے وزیر صحت مسٹر مکیش مہالنگ، مرکزی صحت سکریٹری شریمتی پنیہ سلیلا شریواستو،وزارت آیوش کے سکریٹری مسٹر ویدیہ راجیش کوٹیچا، نیشنل ہیلتھ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سنیل کمار برنوال نیز مرکزی وزارت صحت، نیشنل ہیلتھ اتھارٹی، نیتی آیوگ، وزارت الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی، وزارت آیوش اور دیگر رکن تنظیموں کے سینئر افسران موجود تھے۔
نائب وزیراعلیٰ مسٹر راجیندر شکل نے مدھیہ پردیش میں اے بی ڈی ایم کی پیش رفت کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں تقریباً 5.86 کروڑ آبھا آئی ڈی بنائی جا چکی ہیں۔ تقریباً 20 ہزار صحت ادارے ہیلتھ فیسلٹی رجسٹری اور تقریباً 18 ہزار صحت پیشہ ور ہیلتھ پروفیشنل رجسٹری سے جڑ چکے ہیں۔ ریاست کے 533 صحت اداروں میں “اسکین اینڈ شیئر” سہولت فعال ہے، جس کے ذریعہ ایک کروڑ 7 لاکھ 70 ہزار سے زائد او پی ڈی رجسٹریشن ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ فیسلٹی رجسٹری، ہیلتھ پروفیشنل رجسٹری اور ڈیجیٹل صحت خدمات سے متعلق باقی تمام کام مدھیہ پردیش ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گا۔