ہیوسٹن، 5 جولائی (یواین آئی) مراکش کے ہیڈ کوچ محمد اوہبی نے کہا کہ کناڈا کو 3-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے بعد، ان کی ٹیم اب کوئی حیرانی والی بات” نہیں بلکہ ورلڈ کپ میں “حقیقی دعویدار” ہے۔اوہبی نے ہفتہ کو پریس کانفرنس میں کہا، “جب لوگ اب مراکش کے بارے میں بات کرتے ہیں، تو وہ فٹ بال کے ایک بڑے ملک کے بارے میں بات کررہے ہوتے ہیں۔ یہ بڑے فخر کی بات ہے، لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ تو صرف شروعات ہے۔ ہم آگے بڑھتے رہنا چاہتے ہیں۔ پہلے ہاف میں کناڈا زیادہ جاحانہ ٹیم تھی۔ اس نے مراکش پر مسلسل دباؤ بنایا، جس سے مراکش سے ایسی غلطیاں ہوئیں جو وہ عام طورپر نہیں کرتے اور جب بھی کناڈا کو گیند ملی، اس نے تیزی سے حملہ کیا، لیکن دوسرے ہاف میں ‘اٹلس لائنز’ نے اپنی کلاس دکھائی۔ ایزدین اوناہی نے دو گول کیے اور پھر سفیان رحیمی نے آخر میں تیسرا گول کرکے جیت پکی کردی۔کوچ نے کہا کہ دوسرے ہاف میں حکمت عملی میں کی گئی تبدیلیاں جیت کا باعث بنیں۔انہوں نے کہا، دوسرے ہاف میں ہم بہتر تھے۔ وہ بھی اتنے ہی جارحانہ تھے، پھر بھی ان کی کارکردگی اتنی اچھی نہیں تھی۔ ہم نے جو تبدیلیاں کیں ان سے فرق پڑا۔ ہمارا کنٹرول بہتر تھا۔ ہم نے ان کے ڈیفنس کے پیچھے پاس دینے کی کوشش کی اور اس سے انہیں اپنے ہی گول کی طرف منھ کرکے ڈیفنس کرنا پڑا۔ یہ ہمارے لئے اچھا رہا۔
3-0 کے اسکور کے باوجود، اوہبی نے کہا کہ انہیں کو ہوسٹ سے کڑی ٹکر کی امید تھی۔ “مجھے اب تک کے سب سے مشکل میچ کی امید تھی اور میں صحیح تھا۔ مجھے واقعی توقع تھی کہ یہ ٹیم ہمارے لیے مشکل کھڑی کرے گی۔ راؤنڈ آف 16 میں آپ کو 3-0 جیسے اسکور زیادہ دیکھنے کو نہیں ملیں گے۔اس نتیجے کا مطلب ہے کہ مراکش مسلسل دوسری بار کوارٹر فائنل میں پہنچے گا۔ اس سے قبل، 2022 میں، وہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم بنے تھے۔
اوہبی نے کہا، “ہم رکنا نہیں چاہتے۔ ہم وہی جوش اور وہی بھروسہ برقرار رکھیں گے۔ ہم فائنل تک پہنچنا چاہتے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ “یہ کسی مخالف سے بدلہ لینے کے بارے میں نہیں ہے۔ ہم صرف ممکن حد تک آگے جانا چاہتے ہیں اور اپنے لوگوں کو فخر محسوس کرانا چاہتے ہیں۔









