بھوپال، 29 جون: مدھیہ پردیش کسان کانگریس کی صوبائی مجلسِ عاملہ (ایگزیکٹو باڈی) کا ایک اہم اجلاس آج بھوپال کے اندرا بھون میں کسان کانگریس کے صوبائی صدر دھرمیندر سنگھ چوہان کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں بطور مہمانِ خصوصی مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے شرکت کی چناں چہ اس موقع پر سابق وزراء پی سی شرما، سکھدیو پانسے، سیوادل کے سربراہ اونیش بھارگو، سابق ایم ایل ایز شیلیندر پٹیل، سنیل صراف اور سوشل میڈیا انچارج انوپ دھوٹے سمیت کئی سینئر لیڈران اور عہدیدار موجود تھے۔ اجلاس میں تنظیم کو مزید سرگرم اور نچلی سطح پر مضبوط بنانے کے لیے کسان کانگریس کی نئی صوبائی عاملہ کا باضابطہ اعلان کیا گیا اور ریاست کی ہر پنچایت و گاؤں تک تنظیم کو وسعت دینے کا پختہ عزم دہرایا گیا۔
اس اہم اجلاس کا سب سے بڑا فیصلہ ’’کسان نیائے یودھا‘‘ (کسان انصاف کے سپاہی) مہم کا آغاز رہا۔ اس مہم کے تحت ریاست کی ہر پنچایت اور دیہات میں پانچ پانچ کسان نیائے یودھا نامزد کیے جائیں گے، جو کسانوں کے مسائل کو تنظیم اور انتظامیہ تک پہنچانے، ان کے حقوق کی حفاظت کرنے اور گاؤں کی سطح پر کانگریس کو مضبوط بنانے کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ اجلاس میں سوشل میڈیا کے موثر استعمال کے ذریعے کسانوں کے مسائل کو گھر گھر پہنچانے کی حکمتِ عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی کانگریس صدر جیتو پٹواری نے کہا کہ یہ مہینہ تنظیمی ڈھانچے کو سو فیصد مکمل کرنے کا ہے، اس لیے تمام بلاک اور ضلع کی سطح پر تنظیم کو پھیلا کر ہر گاؤں میں کسان نیائے یودھا تیار کیے جائیں؛ انہوں نے سخت لہجے میں واضح کیا کہ تنظیم میں جوابدہی سب سے مقدم ہے اور اب سے تمام عہدیداروں کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا، اور کام کی بنیاد پر ہی تنظیمی فیصلے ہوں گے۔ کسان کانگریس کے صدر دھرمیندر سنگھ چوہان نے آخر میں کہا کہ یہ مہم کسانوں کے حقوق کی لڑائی میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگی اور اس سے ہر گاؤں میں پارٹی کی فعال شرکت یقینی ہو سکے گی۔