بھوپال:14؍جون:محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ذریعہ نافذ ای- داخلہ کارروائی کے تحت دوسرے مرحلہ کے آخر ی دن 13جون تک ریاست کے مختلف کالجوں میں ایک لاکھ82 ہزار 473طلباء نے داخلہ حاصل کر لیا ہے۔ دوسرے مرحلہ میں اب تک86ہزار679طلباء نے داخلہ لیا ہے ، جن میں64ہزار535طلباء گریجویٹ (UG)اور22ہزار141پوسٹ گریجویٹ (PG)کورسوں کے طلبا ء ہیں۔ اس سے قبل پہلے مرحلہ میں72ہزار477 طلباء نے گریجویٹ اور17ہزار463طلباء نے پوسٹ گریجویٹ کورسوں میں داخلہ حاصل کیا تھا۔ اب تک کل داخلہ شدہ طلباء میں ایک لاکھ37ہزار12طلباء گریجویٹ کورسوں ،39ہزار 607طلباء پوسٹ گریجویٹ کورسوں اور 5ہزار854طلباء این سی ٹی ای کورسوں میں داخلہ لے چکے ہیں۔
این سی ٹی ای کورسوں کے پہلے مرحلے میں الاٹ کیے گئے طلباء کے لیے داخلہ فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ 16 جون مقرر کی گئی ہے۔ محکمہ نے طلباء سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر فیس جمع کرکے داخلہ یقینی کرنے کی اپیل کی ہے ۔داخلہ کارروائی کے اگلے مرحلے کے طور پر کالج لیول کاؤنسلنگ (CLC) کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار 20 جون تک رجسٹریشن کروا سکیں گے، جبکہ 23 جون کو کالج الاٹمنٹ کی جائے گی اور الاٹ کیے گئے امیدوار 30 جون تک داخلہ فیس جمع کرکے اپنے داخلے کی تصدیق کر سکیں گے۔محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے داخلہ کارروائی کو منظم اور شفاف طریقے سے نافذ کیاجارہاہے اور زیادہ سے زیادہ طلباء کو اعلیٰ تعلیم سے جوڑنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔