بھوپال:14؍جون:مدھیہ پردیش پاور جنریٹنگ کمپنی لمیٹڈ (MPPGCL) کی جانب سے ریاست کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے مقصد سے امرکنٹک تھرمل پاور ہاؤس، چچائی میں قائم کی جا رہی نئی 660 میگاواٹ صلاحیت کی سپر کریٹیکل تھرمل پاور یونٹ کے تعمیری کاموں میں رفتار لائی جا رہی ہے۔ پروجیکٹ کے سب سے اہم حصے، یعنی مرکزی بوائلر علاقے میں، بھارت ہیوی الیکٹریکلز لمیٹڈ (BHEL) کی ٹیم کے ذریعہ کھدائی (Excavation) کام کا افتتاح کیا گیا ۔
قابل ذکر ہے کہ اس اہم پروجیکٹ کے ابتدائی مرحلے میں امرکنٹک تھرمل پاور ہاؤس کی پروجیکٹ ٹیم نے نمایاں کوششیں کرتے ہوئے سوئچ یارڈ علاقے کے بے-1 سے بے-5 تک کی زمین کو ریکارڈ وقت میں خالی کرا کے ہموار کرنے اور دیگر سائٹ ڈیولپمنٹ سے متعلق کام مکمل کیے۔ انہی کوششوں کے نتیجے میں مقررہ مدت کے اندر تعمیراتی سرگرمیوں کو رفتار دینا ممکن ہو سکا۔ پرانی اور بند ہو چکی یونٹوں کی جگہ قائم کی جانے والی یہ 660 میگاواٹ صلاحیت کی جدید سپر کریٹیکل یونٹ اعلیٰ کارکردگی اور ماحول دوست ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگی۔
پروجیکٹ کے تعمیراتی مرحلے کی پہلیاہم فراہمی
ایگزیکٹو ڈائریکٹر (پروڈکشن) تنویر احمد نے بتایا کہ مرکزی بوائلر علاقے میں کھدائی کے کام کی شروعات پروجیکٹ کے تعمیراتی مرحلے کی پہلی اہم فراہمیوں میں سے ایک ہے۔ آئندہ مراحل میں بوائلر اور دیگر اہم ڈھانچوں کی بنیادوں کی تعمیر اور کنکریٹ کا کام کیاجائے گا۔ اس کے بعد بوائلر کی اسٹیل ساخت کی تنصیب، ٹربائن-جنریٹر عمارت کی تعمیر، اہم آلات کی تنصیب، برقی نظام اور معاون سہولیات سے متعلق کام، اور آخر میں یونٹ کی جانچ نیزکامیاب کمیشننگ کی جائے گی۔
بھیل کر رہا پروجیکٹ پر عمل درآمد
مدھیہ پردیش پاور جنریٹنگ کمپنی نے اس پروجیکٹ کی تعمیر، جانچ اور کامیاب نفاذ کے لیے بھارت ہیوی الیکٹریکلز لمیٹڈ (BHEL) کو معاہدے کے تحت مقررہ مدت میں تمام کام مکمل کر کے جون 2030 تک پروجیکٹ حوالے کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ ستمبر 2025 میں جاری کیے گئے نوٹیفکیشن آف ایوارڈ (NOA) کے بعد سپلائی، ایریکشن اور سول کاموں سے متعلق تمام تکنیکی اور معاہداتی امور پر دونوں اداروں کے درمیان تفصیلی اتفاقِ رائے قائم ہو چکا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں مدھیہ پردیش پاور جنریٹنگ کمپنی کے ایک اور اہم پرورجیکٹ ستپڑا تھرمل پاور ہاؤس، سارنی میںزیر تعمیر 660 میگاواٹ سپر کریٹیکل یونٹ نے بھی نمایاں پیش رفت درج کی ہے، جہاں 10 جون کو مرکزی بوائلر علاقے میں پہلی پی سی سی (پلین سیمنٹ کنکریٹ) ڈالنے کا کام شروع کیا گیا۔کمپنی کے یہ دونوں اہم پروجیکٹ مقررہ تعمیراتی مراحل کے مطابق تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
ان دونوں جدید سپر کریٹیکل پروجیکٹوںکی مسلسل پیش رفت مدھیہ پردیش پاور جنریٹنگ کمپنی کے بروقت اور معیاری تعمیراتی عزم کی عکاس ہے۔ کمپنی کا ہدف مقررہ مدت سے پہلے پروجیکٹوںکو مکمل کر کے ریاست کو اضافی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت فراہم کرنا ہے، تاکہ سال 2030 تک مدھیہ پردیش کی توانائی ضروریات کو مزید مضبوط بنیاد فراہم کی جا سکے۔