لکھنو11جون: شنکراچاریہ اویمکتیشورانند سرسوتی نے رام مندر میں عطیات کی رقم کی مبینہ چوری کے معاملے پر بیان دیا ہے۔ سوامی اویمکتیشورانند نے ’چمپت رائے‘ کا نام لے کر طنز کیا اور ان کے نام کے معنی بھی بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں تو بھومی پوجن کے وقت سے لے کر آج تک مسلسل چوری ہی ہو رہی ہے۔ ’چمپ‘ کا مطلب ہوتا ہے لے کر بھاگ جانا، ’چمپت‘ ہو گئے، لے کر بھاگ گئے۔ اویمکتیشورانند نے کہا کہ چوری ہوئی ہے، یہ بات بھی وہیں سے سامنے آئی ہے۔ آج سے نہیں، شیلا پوجن کے وقت سے ہی چوری کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 2-2 منٹ میں لاکھوں روپے مالیت کے پلاٹ کروڑوں روپے کے ہو جاتے تھے۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’چمپ‘ ایک دھات ہے جس سے ’چمپت‘ لفظ بنا ہے اور اس کا مطلب ہی لے کر بھاگ جانا ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ چمپت رائے شری رام جنم بھومی تیرتھ کشیتر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری ہیں۔ رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ کے صدر کے جانشین مہنت کمل نین داس نے بھی اس معاملے پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ زیادہ کچھ نہیں کہیں گے، لیکن جو بھی معاملہ ہے اس کی غیر جانبدارانہ اور مکمل جانچ ہونی چاہیے اور جو بھی قصوروار ہو اسے سزا ملنی چاہیے۔ کمل نین داس کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کے پاس کبھی سائیکل پر چلنے کا بھی ٹھکانہ نہیں تھا، آج ان کے پاس بڑی بڑی عمارتیں ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ وزیر اعلیٰ ایماندار ہیں اور اس معاملے میں ضرور کارروائی کریں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ چاہتے ہیں اس معاملے کی جانچ ہو، کیونکہ اس سے بہت بدنامی ہو رہی ہے۔ انہوں نے عدالتی جانچ کا بھی مطالبہ کیا۔