نئی دہلی3جون: کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سی بی ایس ای کے آن اسکرین مارکنگ نظام سے متعلق تنازعہ کو لے کر مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان پر سخت تنقید کی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا ہے کہ وہ دھرمیندر پردھان کو بچانے پر اتنے بضد کیوں ہیں۔جے رام رمیش نے بدھ کو ایکس پر جاری ایک تفصیلی پوسٹ میں کہا کہ سی بی ایس ای کی قیادت کا تبادلہ کیے جانے کے باوجود وزیر تعلیم اب بھی اپنے عہدے پر برقرار ہیں، جبکہ ان کی وزارت کی نااہلی اور بدعنوانی کے شواہد مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزارت تعلیم اور سی بی ایس ای دونوں اعلیٰ سطح پر جوابدہی کے سنگین فقدان کا شکار ہیں۔کانگریس رہنما نے کہا کہ دگ وجے سنگھ کی سربراہی والی پارلیمانی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کے سامنے سی بی ایس ای کے حکام آن اسکرین مارکنگ نظام کی خریداری سے متعلق اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینے میں ناکام رہے۔ ان کے مطابق یہ سوالات 18 سالہ طالب علم سارتھک سدھانت نے اٹھائے تھے، جنہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے مبینہ بے ضابطگیوں کی طرف توجہ دلائی تھی۔جے رام رمیش نے ایک انگریزی اخبار کی تحقیقاتی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آن اسکرین مارکنگ نظام کے آزمائشی مرحلے میں شامل متعدد افراد نے اس نظام پر سنجیدہ اعتراضات ظاہر کیے تھے اور سی بی ایس ای سے کہا تھا کہ خامیوں کے ازالے اور تمام جانچ کنندگان کی تربیت مکمل ہونے تک اس کے نفاذ میں تاخیر کی جائے۔
تاہم ان کے مطابق بورڈ نے نہ صرف اس مشورے کو نظر انداز کیا بلکہ اٹھائے گئے کئی مخصوص مسائل کا بھی کوئی مؤثر حل نہیں کیا۔









