پیرس، یکم جون (یواین آئی ) ہندوستان کے تجربہ کار ٹینس کھلاڑی سری رام بالا جی اور ان کے برازیلی ساتھی مارسیلو ڈیمولینائنر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرینچ اوپن کے مردوں کے ڈبلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
غیر سیڈڈ ہندوستانی-برازیلی جوڑی نے پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) میں چھٹی سیڈ جرمن جوڑی اور ٹم پوٹز کیون کارویٹزکو 5-7، 4-6 سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا۔ یہ مقابلہ ایک گھنٹہ 25 منٹ تک جاری رہا۔جرمنی کی یہ تجربہ کار جوڑی گزشتہ ماہ مونٹے کارلو ماسٹرز کا خطاب جیت کر پیرس پہنچی تھی، تاہم بالاجی اور ڈیمولینر نے پراعتماد کھیل پیش کرتے ہوئے انہیں ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
اس کامیابی کے ساتھ 36 سالہ سری رام بالاجی نے اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے، جو ان کے لیے ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
میچ کے آغاز میں ہندوستانی-برازیلی جوڑی کو دباؤ کا سامنا کرنا پڑا جب پہلے سیٹ کے دوسرے گیم میں ان کی سروس بریک ہوگئی، تاہم انہوں نے فوری واپسی کرتے ہوئے اگلے ہی گیم میں حریف کی سروس بریک کر دی۔
پہلا سیٹ 5-5 کی برابری پر پہنچنے کے بعد بالاجی اور ڈیمولینر نے گیارہویں گیم میں فیصلہ کن برتری حاصل کی اور اپنی سروس برقرار رکھتے ہوئے سیٹ 5-7 سے اپنے نام کر لیا۔ دوسرے سیٹ میں بھی انہوں نے اسی اعتماد کے ساتھ کھیل جاری رکھا اور ابتدائی گیم میں ہی مخالف جوڑی کی سروس توڑ کر برتری حاصل کر لی، جسے آخر تک برقرار رکھتے ہوئے سیدھے سیٹوں میں فتح حاصل کی۔









