نئی دہلی، 17 مئی (یواین آئی) ہندوستان کے سدھانت بنتھیا اور ان کے بلغارین ساتھی الیگزینڈر ڈونسکی نے ہفتے کے روز پرتگال میں منعقدہ ‘اوئیراس اوپن 4’ اے ٹی پی چیلنجر 100 ٹینس ٹورنامنٹ کا ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ غیر سیڈڈ ہند -بلغارین جوڑی نے فائنل میں پرتگال کے تیاگو پریرا اور اسپین کے ڈیوڈ ویگا ہرنینڈز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-6 اور 2-6 سے شکست دی۔ کلے کورٹ پر کھیلا گیا یہ فائنل میچ محض ایک گھنٹے اور 3 منٹ میں ختم ہو گیا۔ سدھانت اور ڈونسکی نے چوتھے گیم میں اہم بریک حاصل کر کے برتری حاصل کی۔ جب وہ 3-5 کے اسکور پر سیٹ کے لیے سرو کر رہے تھے، تو انہوں نے ایک بریک پوائنٹ بچایا اور 32 منٹ میں پہلا سیٹ جیت لیا۔ اسی رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے، انڈو-بلغارین جوڑی نے دوسرے سیٹ کے تیسرے اور ساتویں گیم میں حریف کی سرو توڑ کر اپنی جیت یقینی بنائی۔ یہ سدھانت بنتھیا کے اس سیزن کا دوسرا اے ٹی پی چیلنجر ڈبلز ٹائٹل ہے، جبکہ ان کے کیریئر کا مجموعی طور پر تیسرا ڈبلز اعزاز ہے۔ یہ تمام اعزازات انہوں نے ڈونسکی کے ساتھ مل کر حاصل کیے ہیں۔ دوسری جانب، بلغارین کھلاڑی ڈونسکی کے کیریئر کا یہ چوتھا ڈبلز ٹائٹل ہے۔ یاد رہے کہ اس سال کے شروع میں اس جوڑی نے دہلی اوپن اے ٹی پی چیلنجر 75 ٹورنامنٹ بھی جیتا تھا، جہاں انہوں نے فائنل میں ہندوستان کے نکی پوناچا اور تھائی لینڈ کے پروچیا اسارو کو شکست دی تھی۔