پاتوموان (تھائی لینڈ)، 13 مئی (یواین آئی )تھائی لینڈ کے نیمی بوٹر اسٹیڈیم میں جاری تھائی لینڈ اوپن کے ‘راؤنڈ آف 32’ میں سابق عالمی نمبر ون ہندوستانی کھلاڑی کدامبی سری کانت نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنگاپور کے آٹھویں سیڈ یافتہ کھلاڑی لوہ کین ییو کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا بڑا الٹ پھیر کر دیا۔تھامس کپ میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کا حصہ رہنے والے سری کانت نے سابق عالمی چیمپئن کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں دیا اور محض 30 منٹ میں مقابلہ 21-14، 21-15 سے اپنے نام کر لیا۔ پری کوارٹر فائنل میں اب ان کا مقابلہ چینی تائپے کے سو لی یانگ سے ہوگا۔ انجری سے واپسی کرنے والے لکشیہ سین نے سنگاپور کے جیا ہینگ جیسن تیہ کو 43 منٹ کے مقابلے میں 21-16، 21-17 سے ہرا کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔ اسٹار کھلاڑی پی وی سندھو نے چینی تائپے کی تنگ سو ٹونگ کو یکطرفہ مقابلے میں 21-9، 21-12 سے شکست دی۔ اب ان کا مقابلہ ڈنمارک کی ایمالی شلج سے ہوگا۔
دیویکا سیہاگ: تھائی لینڈ ماسٹرز 2026 کی چیمپئن دیویکا نے جاپان کی ناٹسوکی نیڈیرا کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 21-19، 13-21، 21-15 سے جیت حاصل کی۔ اگلے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ مقامی تھائی کھلاڑی پچمونوپٹنی پتھ سے ہوگا۔مالویکا بنسوڈ نے کینیڈین حریف کو 53 منٹ تک چلے میچ میں 13-21، 26-24، 21-13 سے شکست دے کر پیش قدمی جاری رکھی۔
دن کا سب سے سنسنی خیز مقابلہ نوجوان کھلاڑی انمول کھرب اور عالمی نمبر 4 چینی کھلاڑی چین یو فی کے درمیان رہا۔ انمول نے پہلا گیم جیت کر سب کو حیران کر دیا اور فیصلہ کن گیم میں بھی 11-2 کی بڑی برتری حاصل کر لی تھی، لیکن تجربہ کار چینی کھلاڑی نے واپسی کرتے ہوئے ایک گھنٹہ 10 منٹ کے طویل مقابلے کے بعد 21-19، 13-21، 18-21 سے فتح حاصل کی۔ اگرچہ انمول ہار گئیں، لیکن ان کے کھیل نے شائقین کے دل جیت لیے۔









