کولکاتا9مئی: مغربی بنگال کا دارالحکومت کولکاتہ آج ایک نئی تاریخ کا گواہ بنا۔ آزادی کے بعد بنگال میں پہلی بار بی جے پی کی حکومت بنی ہے۔ شوبھیندو ادھیکاری نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لے لیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی بھی پروگرام میں شریک ہیں۔ ان کے علاوہ کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور وزراء بھی کولکاتہ میں موجود ہیں۔ حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے ملک بھر کے رہنماؤں کا صبح سے ہی کولکاتہ پہنچنے کا سلسلہ جاری تھا۔ این ڈی اے کے کئی رہنما بھی کولکاتہ پہنچے ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت جینت چودھری اور مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی بھی پہنچے۔ مرکزی وزیر مملکت جینت چودھری نے اس موقع پر مغربی بنگال کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی جیت سے این ڈی اے کو نئی مضبوطی ملے گی۔ آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ اور این ڈی اے کے اتحادی ٹی ڈی پی کے سربراہ چندر بابو نائیڈو اور مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی بھی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے کولکاتہ پہنچے۔ اس کے علاوہ گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل، دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی بھی کولکاتہ پہنچ چکے ہیں۔









