کولکاتا9مئی وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کے روز مغربی بنگال میں پہلی بی جے پی حکومت کی حلف برداری تقریب میں شریک ہوئے۔ سینئر لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ ان کے ساتھ پانچ دیگر لیڈروں نے بھی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ اس طرح 9 مئی 2026 سے بنگال میں بی جے پی حکومت کا باضابطہ وجود عمل میں آ گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے اسمبلی انتخابات میں شاندار اکثریت سے اقتدار دلانے پر مغربی بنگال کے عوام کا شکریہ ادا کیا ۔ حلف برداری اسٹیج پر وزیر اعظم نریندر مودی گھٹنوں کے بل بیٹھ گئے اور انہوں نے جذباتی انداز میں ہاتھ جوڑ کر اور سر جھکا کر مغربی بنگال کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عوام کی محبت اور حمایت پر دل سے اظہارِ تشکر کیا۔ اس دوران پورے پنڈال میں ’’مودی مودی‘‘ کے نعرے گونجتے رہے۔مغربی بنگال کے نویں وزیر اعلیٰ کے طور پر شوبھندو ادھیکاری کی حلف برداری تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے مغربی بنگال بی جے پی کے سینئر کارکن ماکھن لال سرکار سے آشیرواد لیا۔ وزیر اعظم مودی حلف برداری میں شرکت کے لیے کولکاتہ پہنچے تھے۔ بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ پہنچنے کے بعد انہوں نے شوبھندو ادھیکاری اور بی جے پی کے ریاستی صدر سمیک بھٹاچاریہ کے ساتھ کھلی جیپ میں سوار ہو کر ہزاروں کارکنوں اور حامیوں کا استقبال کیا۔ پورا بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ بھگوا رنگ میں رنگا ہوا نظر آ رہا تھا۔