بھوپال:06؍مئی:’’آپ کاسیوک آپ کے دوار‘‘پروگرام کے تحت توانائی کے وزیر مسٹر پردیومن سنگھ تومر نے بدھ کی صبح 6 بجے گوالیار کے مضافاتی علاقوں کا دورہ کیا، مقامی شہریوں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کا حل کیا۔وزیرتوانائی مسٹر تومر بھوپال سے ٹرین کے ذریعے صبح 6 بجے گوالیار پہنچے اور سب سے پہلے کھیڑاپتی کالونی، نیو کھیڑاپتی کالونی اور ہند نگر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے علاقہ مکینوں سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے گھر گھر جا کر عوام سے رابطہ کیا، شہریوں سے گفتگو کی اور ان کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا۔ انہوں نے بجلی کی فراہمی، صفائی کے نظام اور دیگر بنیادی سہولیات کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں اور عوام کی خدمت اور مسائل کے فوری حل کے عزم کو دہرایا۔انہوں نے کہا کہ صفائی، صحت اور عوامی سہولیات سے متعلق مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ سیور کی صفائی، کچرے کی نکاسی اور سڑکوں کی دیکھ بھال میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور غفلت برتنے والے افسران و ملازمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
وزیرتوانائی نیو کھیڑاپتی کالونی بھی پہنچے جہاں انہوں نے حکومت کی مختلف عوامی فلاحی اسکیموں کے بارے میں مقامی شہریوں سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے لوگوں سے پوچھا کہ کیا انہیں راشن مل رہا ہے، پنشن مل رہی ہے، اور آیا آیوشمان کارڈ بن چکا ہے۔ اس پر لوگوں نے مثبت جواب دیا۔ انہوں نے خواتین اور بزرگ ماؤں سے بات چیت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیرمسٹر تومر نے کہا کہ ہر قدم پر یہی جذبہ ہونا چاہیے کہ اگر ہم بدلیں گے تو ہمارا گوالیار بدلے گا۔ یہ کوئی سیاسی نعرہ نہیں بلکہ ایک عزم ہے، اپنے شہر، اپنی نسل اور اپنے مستقبل کے لیے۔ انہوں نے اپیل کی کہ گوالیار کو صاف، صحت مند اور منشیات سے پاک بنانے کے عزم کو عوامی شراکت سے کامیاب بنایا جائے۔ انہوں نے واضح انتباہ دیا کہ صفائی، صحت اور عوامی سہولیات سے متعلق معاملات میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں کی جائے گی۔ عوام کی خدمت اور مسائل کا بروقت حل ان کی اولین ترجیح ہے۔وزیرتوانائی مسٹر تومر کی پہل پر جن فلاحی کمیٹی کے تحت سیور صفائی مہم کے دوران بدھ کی صبح گوالیار کے مضافاتی علاقے برلا نگر مین روڈ پر 9 نمبر پلیا سے سپر سکر مشین کے ذریعے صفائی کا بڑا آپریشن شروع کیا گیا۔ یہاں سے لائن نمبر 5، لائن نمبر 4، بال بھون اسکول کے سامنے اور برلا نگر کے دیگر گلی محلوں میں بھی اسی مشین کے ذریعے سیور کی صفائی کا کام انجام دیا گیا۔









