حیدرآباد، 22 اپریل (یو این آئی) آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد کے ہاتھوں ملنے والی شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے دہلی کیپیٹلز کے کپتان اکشر پٹیل نے کہا ہے کہ ابھیشیک شرما کا رن آؤٹ اور کیچ چھوڑنا ہمیں مہنگا پڑا؛ اگر ہم وہ مواقع حاصل کر لیتے تو انہیں بڑے اسکور سے روک سکتے تھے۔
سلامی بلے باز ابھیشیک شرما کے 68 گیندوں پر 10 چوکوں اور 10 چھکوں سے سجی 135 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کی بدولت سن رائزرز حیدرآباد نے منگل کو دہلی کیپیٹلز کو 47 رنز سے زبردست شکست دے دی۔ ابھیشیک کو 49 کے اسکور پر اس وقت زندگی ملی جب وکٹ کیپر کے ایل راہل نے رن آؤٹ کا ایک آسان موقع گنوا دیا، جبکہ 87 کے اسکور پر نتیش رانا نے باؤنڈری پر ان کا کیچ چھوڑ دیا۔اکشر پٹیل نے میچ کے بعد کہا، “اگر کوئی اتنی عمدہ بلے بازی کرتا ہے اور اس کی کارکردگی میں کوئی کمی نہیں ہے، تو اس کا کریڈٹ اسے ملنا چاہیے۔ کلاسن نے بھی دوسری طرف سے جس طرح کا کھیل پیش کیا، اسے دیکھتے ہوئے اسے گیند باز کی غلطی نہیں کہا جا سکتا۔ جب کوئی بلے باز اس انداز میں کھیل رہا ہو، تو کوچ اور کپتان کو یہ تسلیم کرنا پڑتا ہے کہ اس طوفان کو روکنا کسی کے بس میں نہیں۔ میں گیند بازوں سے بھی یہی کہہ رہا تھا کہ اگر تم نے گیند درست جگہ کی اور اس کے باوجود اس نے اچھا شاٹ مارا، تو تم کچھ نہیں کر سکتے؛ تمہیں اسے بھول کر آگے بڑھنا ہوگا۔کپتان نے مزید کہا، “فیلڈنگ مکمل طور پر آپ کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ کیچ پکڑنا اور رن آؤٹ کرنا ایسی چیزیں ہیں جو آپ کر سکتے ہیں۔ ایسے مشکل وقت میں گیند باز کا ساتھ دینا بہت ضروری ہوتا ہے، اور میرا خیال ہے کہ ہم اسی شعبے میں بہتری لا سکتے تھے۔” مستقبل میں ٹیم میں ممکنہ تبدیلیوں کے حوالے سے اکشر نے کہا، “فی الحال ایسا نہیں لگ رہا، کیونکہ ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ہماری بلے بازی و گیند بازی دونوں ٹھیک ہیں۔ جب وکٹ اتنی اچھی ہو تو اسے محض ایک ‘برا دن سمجھ کر بھول جانا ہی بہتر ہے۔









