حیدرآباد، 22 اپریل (یو این آئی) ابھیشیک شرما نے دہلی کیپیٹلز کے خلاف انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ کا پانچواں بڑا انفرادی اسکور بناتے ہوئے محض 68 گیندوں پر ناٹ آوٹ 135 رنز کی اننگز کھیلی، جس کی بدولت وہ اورنج کیپ کی دوڑ میں سرفہرست آ گئے ہیں۔ یہ ان کے ٹی 20 کیریئر کی نویں سنچری ہے، اور اس کے ساتھ ہی رواں سیزن کی سات اننگز میں ان کے مجموعی رنز کی تعداد 323 ہو گئی ہے۔ ابھیشیک سے محض تین رنز پیچھے ہینرک کلاسن اورنج کیپ کی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ کلاسن نے اس میچ میں 13 گیندوں پر 37 رن کی زبردست اننگز کھیلی اور ابھیشیک کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 32 گیندوں پر 66 رن کی شراکت داری قائم کی۔ فہرست میں تیسرے نمبر پر گجرات ٹائٹنز کے کپتان شبھمن گل ہیں، جنہوں نے پانچ اننگز میں 265 رنز بنا رکھے ہیں۔ ان کے بعد رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کے وراٹ کوہلی اور راجستھان رائلز کے ویبھو سوریاونشی کا نمبر آتا ہے۔
سرفہرست دس بلے بازوں میں ایشان کشن (ایس آر ایچ)، رجت پاٹیدار (آر سی بی)، کوپر کونولی، یشسوی جیسوال اور پریانش آریا بھی شامل ہیں۔ وسری جانب، ‘پرپل کیپ (سب سے زیادہ وکٹیں) پر فی الحال چنئی سپر کنگز کے انشل کمبوج کا قبضہ برقرار ہے۔ تاہم، ایشان ملنگا نے ٹی 20 کرکٹ میں تیسری بار چار وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا، جس کے بعد وہ اس آئی پی ایل سیزن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیند بازوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ ملنگا کی وکٹوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے، جبکہ گجرات ٹائٹنز کے پرسدھ کرشنا بھی 12 وکٹوں کے ساتھ ان کے برابر ہیں۔ پرپل کیپ ابھی بھی چنئی کے انشل کمبوج کے پاس ہے جنہوں نے اب تک 13 شکار کیے ہیں۔









