واشنگٹن 17اپریل: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھرپرائم منسٹر نریندر کی تعریف کی ہے۔ ایران۔امریکہ امن مذاکرات کے درمیان، ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا کہ ان کی اپنے ’دوست‘ پرائم منسٹر نریندر مودی کے ساتھ مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے حوالے سے اچھی بات چیت ہوئی۔ دراصل ، حال ہی میں ڈونلڈ ٹرمپ نے پی ایم مودی کو فون کیا تھااور مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ پی ایم مودی کے ساتھ اپنی بات چیت کے بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ، میں نے ان کے ساتھ بہت اچھی بات چیت کی، اور وہ میرے دوست ہیں اور ہندوستان میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ ہماری بہت اچھی بات چیت ہوئی۔ دونوں لیڈروں نے منگل کو تقریباً 40 منٹ تک فون پر بات کی تھی۔ پی ایم مودی نے بعد میں ٹویٹر پر پوسٹ کیا تھا کہ انہیں اپنے دوست صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کال موصول ہوا تھا، جس میں دونوں نے دو طرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام شعبوں میں اپنی جامع عالمی تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ پی ایم مودی نے یہ بھی کہا کہ دونوں لیڈروں نے مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور آبنائے ہرمز کو کھلا اور محفوظ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس بیچ ، امریکی ایلچی سرجیو گور کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ نے پی ایم مودی سے فون پر کہا کہ ہم سب آپ سے پیار کرتے ہیں۔ سرجیو گور نے کہا کہ ٹرمپ نے یہ تبصرہ ان کی گفتگو کے دوران کیا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان بہت اچھے ذاتی تعلقات ہیں۔
جنگ بندی مثبت بات چیت کا بہترین ذریعہ ہے: لبنانی صدر
بیروت، 17 اپریل (یو این آئی) لبنانی صدر جوزف خلیل عون نے کہا ہے کہ جنگ بندی مثبت بات چیت کی راہ ہموار کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق لبنانی صدر نے بیروت سے جاری بیان میں کہا کہ جنگ بندی کے عمل کو مقامی اور بین الاقوامی برادری نے سراہا، براہ راست مذاکرات نازک اور اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی مثبت بات چیت کی راہ ہموار کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، اسرائیلی فوج کے انخلا کے بعد لبنانی فوج بین الاقوامی سرحد پر اہم کردار ادا کرے گی۔ جوزف عون نے مزید کہا کہ ہمارا واضح مؤقف جنگ بندی کو جاری رکھنا، اسرائیلی فوج کا مکمل انخلاء قیدیوں کی واپسی اور سرحدی تنازعات کا حل ہے۔









