نئی دہلی 14اپریل: مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر دنیا بھر کی نگاہیں ہیں ۔بڑھتی کشیدگی اور خدشات کے بیچ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اسرائیلی وزیر خارجہ سے فون پر بات کی ہے۔ جے شنکر نےایکس پر ایک پوسٹ شیئر کیا کہ انہوں نے آج اسرائیلی وزیر خارجہ کے ساتھ فون پر بات کی، جس میں مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال کے کئی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون سار نے ایس جے شنکر کے ساتھ لبنان اور ایران میں جاری کشیدگی کے ساتھ ساتھ آبنائے ہرمز کے حوالے سے وسیع بات چیت کی۔ مزید، انہوں نے اسلام آباد مذاکرات کے لیے امریکی شرائط کی حمایت کرتے ہوئے انہیں ضروری قرار دیا۔ اسرائیلی وزیرخارجہ نے بھی گفتگو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ہمیشہ کی طرح، میں نے اپنے دوست، ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ساتھ اچھی بات چیت کی۔ ہم نے ایران، آبنائے ہرمز اور لبنان پر تبادلہ خیال کیا۔ میں نے کہا کہ مذاکرات میں امریکہ کا سخت موقف، ایسی شرائط پر جو ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکتی ہیں پوری عالمی برادری کے لیے انتہائی اہم ہے۔ گیدون نے مزید کہا کہ میں نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز میں ایران کی اقتصادی دہشت گردی، جو جہاز رانی کی آزادی اور عالمی معیشت کو نقصان پہنچا رہی ہے، تمام ممالک بشمول ہندوستان اور خلیجی خطے میں ہمارے دوستوں کے لیے جہازرانی کو یقینی بنانے کے لیے کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے ۔









