بھوپال، 13 اپریل: حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2026 کے عازمین کے لیے فلائٹ کنفرمیشن کے حوالے سے ضروری سرکلر جاری کر دیا ہے۔ جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام عازمین کے لیے اپنی الاٹ شدہ فلائٹ کی آن لائن کنفرمیشن کرنے کی آخری تاریخ 15 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے۔ عازمین یہ عمل حج کمیٹی کی آفیشل ویب سائٹ یا ’حج سہولت ایپ‘ (Haj Suvidha App) کے ذریعے مکمل کر سکتے ہیں۔حج کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ فلائٹ کنفرمیشن کے لیے عازمین کا اپنی مکمل رقم جمع کرانا اور تمام بقایا جات کا کلیئرنس ہونا ضروری ہے۔ جن عازمین کی ادائیگی مکمل نہیں ہوگی، انہیں حج کٹ اور بورڈنگ پاس جاری نہیں کیے جائیں گے۔ عازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آن لائن کنفرمیشن کے بعد حاصل ہونے والی رسید کا پرنٹ آؤٹ اپنے پاس محفوظ رکھیں، جسے روانگی کے وقت ایمبارکیشن پوائنٹ پر جمع کرانا ہوگا۔ کمیٹی نے مزید کہا ہے کہ ایک بار فلائٹ الاٹ ہو جانے کے بعد اس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں ہوگی۔ عازمین کسی بھی دشواری کی صورت میں اسٹیٹ حج کمیٹی کے ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔









