چین، 11 اپریل (یو این آئی): بیس سالہ آیوش شیٹی نے بیڈمنٹن ایشیا چیمپئن شپ میں اپنی زبردست جیت کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ نئی نسل کے اس ہندوستانی کھلاڑی نے ہفتہ کو تھائی لینڈ کے ڈیفنڈنگ چیمپئن اور ورلڈ نمبر 1 کنلاوت وٹڈسارن کو 10-21، 21-19، 21-17 سے ہرا کر مینز سنگلز فائنل میں جگہ بنا لی۔ شیٹی 1965 کے بعد فائنل میں پہنچنے والے سنگلز کے پہلے ہندوستانی مرد کھلاڑی بن گئے ہیں۔اگرچہ پہلا گیم 2023 ورلڈ جونیئر برونز میڈلسٹ کے حق میں نہیں رہا، لیکن شیٹی نے اپنی ابتدائی شکست کے بعد شاندار واپسی کی اور اگلے دو گیمز جیت کر اولمپک سلور میڈلسٹ وٹڈسارن کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ دوسرے گیم میں آیوش نے 12-4 کی برتری حاصل کر لی تھی، اور اگرچہ وٹڈسارن نے اس فرق کو 13-11 تک کم کر دیا، لیکن ہندوستانی کھلاڑی ہمیشہ پر اعتماد نظر آئے۔تیسرے گیم میں بھی اسی اعتماد کے ساتھ اترتے ہوئے آیوش نے 1 گھنٹہ 15 منٹ میں ایشین چیمپئن شپ میں اپنی پہلی فائنل جگہ پکی کر لی۔ اب ان کا سامنا چاؤ ٹین چین (عالمی درجہ بندی 6) اور شی یو کی (عالمی درجہ بندی 2) کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ہوگا۔اگر آیوش فائنل میچ میں طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوتے ہیں، تو 2023 کے بعد یہ ہندوستان کا پہلا گولڈ میڈل ہوگا۔ 2023 میں ساتوک سائراج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی نے مردوں کے ڈبلز میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں آیوش کی کارکردگی اب تک شاندار رہی ہے۔ آج کے میچ سے پہلے انہوں نے ایک بھی گیم نہیں گنوایا۔ سیمی فائنل میں انہوں نے دنیا کے نمبر 4 کھلاڑی جوناتھن کرسٹی کو شکست دی تھی، اور اس سے پہلے انہوں نے دنیا کے نمبر 7 کھلاڑی لی شی فینگ کو بھی شکست دی تھی۔