ٹوکیو ،9 اپریل(یواین آئی ) جاپان میں کرکٹ کے ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ رواں برس ہونے والے ایشیائی کھیلوں کے لیے تعمیر کیا گیا نیا کرکٹ اسٹیڈیم اگلے ماہ پہلی بار بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کرے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق، یہ وینیو 2028 کے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے منعقد ہونے والے ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائرز کا مرکز بنے گا۔ ناگویا کے قریب واقع شہر نشین میں تعمیر کردہ نیا اسٹیڈیم اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔ اس کے علاوہ کچھ میچز سانو میں واقع جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوارٹرز میں بھی کھیلے جائیں گے۔ یہ کوالیفائنگ راؤنڈ 8 سے 18 مئی تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ میں کل نو ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جن میں میزبان جاپان، کک آئی لینڈز، فجی، انڈونیشیا، پاپوا نیو گنی، فلپائن، جنوبی کوریا، ساموآ اور وانواتو شامل ہیں۔
بیس بال کے دیوانے ملک جاپان میں کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اس نئے اسٹیڈیم کی صورت میں سامنے آئی ہے، جو خاص طور پر ناگویا اور ایچی ریجن میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں (19 ستمبر تا 4 اکتوبر) کے لیے تیار کیا گیا ہے۔جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایلن کر نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا”یہ جاپان کے لیے ایک غیر معمولی موقع ہے کہ وہ اپنی میزبانی کی صلاحیتوں کا لوہا منوائے۔ اگرچہ یہ ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، لیکن ہمیں یقین ہے کہ یہ ایونٹ نہ صرف خطے کی بہترین کرکٹ پیش کرے گا بلکہ ایشیائی کھیلوں کے لیے بھی جوش و خروش پیدا کرے گا۔









