ننگبو (چین)،8 اپریل ( یو این آئی) چین کے شہر ننگبو میں منعقدہ بیڈمنٹن ایشیا چیمپئن شپ 2026 کے پہلے دن ہندوستانی خیمے سے ملے جلے نتائج سامنے آئے۔ ہندوستان کے ٹاپ مرد سنگلز کھلاڑی لکشہ سین پہلے ہی راؤنڈ میں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے، جبکہ پی وی سندھو اور نوجوان کھلاڑی آیوش شیٹی نے دوسرے دور میں جگہ بنا لی ہے۔ حال ہی میں آل انگلینڈ اوپن کے رنر اپ رہنے والے لکشہ سین (ورلڈ نمبر 12) کو ہانگ کانگ کے لی چیؤک ییو نے اسٹریٹ گیمز میں 21-12، 21-19 سے شکست دی۔ دوسرے گیم میں لکشہ نے 19-19 تک سخت مقابلہ کیا، لیکن فیصلہ کن لمحات میں پوائنٹس گنوانے کے باعث وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ سابق ورلڈ نمبر 1 سری کانت نے سنگاپور کے لوہ کین یو کے خلاف پہلا گیم جیت کر اچھی شروعات کی، لیکن سابق عالمی چیمپئن نے زبردست واپسی کرتے ہوئے سری کانت کو 18-21، 21-9، 21-19 سے ہرا دیا۔ آج کے دن کی سب سے بڑی خبر نوجوان ہندوستانی کھلاڑی آیوش شیٹی کی جانب سے آئی۔ انہوں نے دنیا کے ساتویں نمبر کے کھلاڑی اور ایشیائی کھیلوں کے موجودہ چیمپئن چین کے لی شی فینگ کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر 21-13، 21-16 سے ہرا کر سب کو حیران کر دیا۔ آیوش نے محض 51 منٹ میں یہ بڑا مقابلہ جیتا۔ دوسرے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ چینی تائپے کے چی یو جین سے ہوگا۔
ورلڈ چیمپئن شپ کے میڈلسٹ ایچ ایس پرنئے نے بھی توقعات کے مطابق کارکردگی دکھائی اور ویتنام کے نگوین ہائی ڈانگ کو 24-22، 21-12 سے شکست دے کر دوسرے دور میں رسائی حاصل کی۔ دو بار کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو نے ملیشیا کی وونگ لنگ چنگ کے خلاف مشکل مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔ سندھو پہلا گیم ہار گئی تھیں، لیکن انہوں نے تجربے کا استعمال کرتے ہوئے میچ 15-21، 21-11، 21-19 سے اپنے نام کیا۔