نئی دہلی 7اپریل: ہندوستان کی سب سے ہائی ٹیک اور پریمیم ٹرینوں میں شمار ’وندے بھارت‘ ایک بار پھر خراب کھانا کی وجہ سے سرخیوں میں ہے۔ احمد آباد سے ممبئی جا رہی وندے بھارت ٹرین میں مسافروں کو پیش کیے گئے کھانے میں کیڑا ملنے کی شکایت سامنے آئی ہے۔ اس واقعہ نے نہ صرف ریلوے کی ساکھ پر سوال کھڑے کیے ہیں، بلکہ مسافروں کی صحت کے ساتھ ہو رہے کھلواڑ کو بھی ظاہر کر دیا ہے۔ یہ معاملہ تب روشنی میں آیا جب آدتیہ ڈڈوانیا نامی ایک مسافر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ’ایکس‘ پر کھانے میں نکلے کیڑے کی تصویر شیئر کی۔ آدتیہ نے بتایا کہ سفر کے دوران انھیں جو کھانا دیا گیا، اس میں کیڑا رینگ رہا تھا۔ حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ اسی کوچ میں کم از کم 2 دیگر مسافروں کےس اتھ بھی ایسا ہی معاملہ پیش آیا۔ اس کے بعد کوچ میں ہنگامہ شروع ہو گیا اور کئی مسافروں نے خوف کے سبب کھانا کھانے سے ہی منع کر دیا۔