ترواننت پورم7اپریل:کیرلم میں انتخابی ہلچل کے درمیان راہل گاندھی نے حال ہی میں ریاست کی کچھ نرسوں سے ملاقات کی۔ انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی اس ملاقات کے دوران کچھ اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس ملاقات کی ویڈیو کانگریس اور راہل گاندھی دونوں نے ہی آج اپنے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کی ہے۔ 9.12 منٹ کی اس ویڈیو میں کیرلم سے تعلق رکھنے والی نرسیں دہلی کے اسپتالوں میں اپنے
تجربات، کورونا کے وقت پیدا مسائل اور طبی شعبہ میں موجود خامیوں پر اپنے خیالات سامنے رکھے۔کانگریس نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں نرسوں کے کردار کو ملک کے نظامِ صحت میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور نرسوں کی محنت، ایثار و ہمدردی کو مرکزی حیثیت دی ہے۔ کانگریس کے مطابق نرسیں ہمارے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بنیاد ہیں، جن کی دیکھ بھال، ہمدردی اور لگن مریضوں کے اہل خانہ کو حوصلہ اور اعتماد فراہم کرتی ہے۔ خاص طور پر کیرلم کی نرسیں اس جذبہ کی بہترین مثال ہیں، جو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نہایت خلوص کے ساتھ انجام دیتی ہیں۔