گریناڈا (اسپین)،7 اپریل (یو این آئی) اسپین کے شہر گریناڈا میں جاری انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹ فیڈریشن ( آئی ایس ایس ایف) ورلڈ کپ رائفل/پسٹل مہم کا آغاز ہندوستان کے لیے انتہائی شاندار رہا۔ ہندوستانی جوڑی پلک اور مکیش نیلاولّی نے 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ کے فائنل میں موجودہ ورلڈ چیمپئن چین کو شکست دے کر سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔منگل کو لاس گابیاس شوٹنگ رینج میں کھیلے گئے فائنل میں 20 سالہ ہندوستانی جوڑی نے 487.7 کا اسکور کر کے نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔ دوسری جانب چین کی عالمی شہرت یافتہ جوڑی (ہو کائی اور کیانشون) 484.8 اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ ہنگری کی ٹیم نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
سینئر ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے مکیش کے لیے یہ جیت دوہری خوشی کا باعث بنی۔ ایشین گیمز کی سابق چیمپئن پلک نے جیت کے بعد کہا”ہم وہ کر دکھانے میں کامیاب رہے جس کے لیے یہاں آئے تھے۔ بطور ٹیم یہ ہمارا پہلا مقابلہ تھا، ہم نے ہر شاٹ پر توجہ مرکوز رکھی اور اپنی حکمت عملی پر عمل کیا۔مکیش نے مسکراتے ہوئے کہا، “میں تو اصل میں پلک سے ہی مقابلہ کر رہا تھا، میں اسے ہرانے کی کوشش میں خود کو بہتر بناتا رہا اور نتیجہ سامنے ہے۔









