نئی دہلی،5 اپریل (یواین آئی ) دارالحکومت دہلی میں ‘فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل’ کا 68 واں ایڈیشن اتوار کے روز ایک بڑے جشنِ صحت میں تبدیل ہو گیا۔ عالمی یومِ صحت سے دو روز قبل منعقدہ اس تقریب میں 5 کلومیٹر کی روایتی سائیکلنگ رائیڈ کے ساتھ ساتھ مختلف فٹنس زونز کا اہتمام کیا گیا، جس میں 800 سے زائد افراد نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔
ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی سوئمنگ پول کمپلیکس میں منعقدہ اس پروگرام میں سرگرمیوں کا ایک وسیع سلسلہ دیکھنے کو ملا۔ شرکاء کے لیے بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، کرکٹ، رسہ کشی، یوگا اور اسکیپنگ کے خصوصی زونز بنائے گئے تھے۔ ان کے علاوہ روایتی انڈور گیمز جیسے کیرم، لوڈو اور سانپ سیڑھی نے بھی ہر عمر کے لوگوں کو اپنی طرف راغب کیا۔
وزارتِ آیوش کی ‘یوگا 365’ مہم کے تحت ایک مشاورتی بوتھ بھی قائم کیا گیا تھا، جہاں ماہرین کی نگرانی میں لوگوں نے ذہنی تناؤ کم کرنے کے طریقے سیکھے۔اس تقریب کی خاص بات انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن اور انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کی بطور خصوصی شراکت دار شرکت تھی۔ طبی ماہرین اور نرسوں نے اس موقع پر اس پیغام کو عام کیا کہ ایک فعال طرزِ زندگی ہی بیماریوں سے بچاؤ کا بہترین ذریعہ ہے۔ای ایس آئی سی نے بھی اس ایونٹ میں تعاون فراہم کیا، جس سے صحت اور تحفظِ عامہ کا ایک طاقتور امتزاج دیکھنے کو ملا۔پروگرام میں کھیلوں کی دنیا کی جانی مانی شخصیات نے شرکت کر کے شرکاء کا حوصلہ بلند کیا۔ ان میں مندرجہ ذیل شخصیات نمایاں تھیں جن میں پرویندر اوانہ: سابق آئی پی ایل کرکٹر (کنگز الیون پنجاب)،مکیش گہلوت پاور لفٹنگ گرواورپشپندر سنگھ: پیرا اولمپین شامل تھے ۔سابق کرکٹر پرویندر اوانہ نے اس موقع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فٹنس کو صرف اتوار تک محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ اسے اپنی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنانا ضروری ہے۔
تقریب کا اختتام زومبا سیشن اور رسی کودنے کے چیلنجز کے ساتھ ہوا، جہاں موسیقی اور ورزش کے امتزاج نے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔