ملاں پور، 31 مارچ (یو این آئی): آئی پی ایل 2026 کے چوتھے مقابلے میں گجرات ٹائٹنس کے ذریعہ دئے گئے 162رن کے ہدف کاتعاقب کرتے ہوئے پنجاب کنگس کی ٹیم نے دس اوور میں دووکٹ پر 86رن بنالئے تھے اورباقی بچے دس اوور میں اسے 77رن درکارتھے۔قبل ازیں پنجاب کنگس کے گیند بازوں یوزویندر چہل اور وجے کمار نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گجرات ٹائٹنز کو مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز تک روک دیا۔ گجرات کو بڑے اسکور سے روکنے میں لیگ اسپنر یوزویندر چہل اور وجے کمار ویشاک نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ٹاس ہار کر پہلے بّلے بازی کرنے والی گجرات ٹائٹنز کی شروعات بہتر رہی، جہاں سائی سدھرسن اور کپتان شبھمن گل نے پہلی وکٹ کے لیے 37 رنز جوڑے، تاہم سدھرسن کو مارکو یانسن نے پویلین بھیج کر پہلی کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد گل اور جوس بٹلر کے درمیان 46 رنز کی شراکت داری ہوئی، لیکن 10ویں اوور میں چہل نے شبھمن گل کو آؤٹ کر کے اس خطرناک جوڑی کو توڑ دیا۔گل کے آؤٹ ہونے کے بعد گلین فلپس بیٹنگ کے لیے آئے اور بٹلر کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں جم کر رن جوڑ رہے تھے لیکن 14ویں اوور کی آخری گیند پر فلپس چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 17 گیندوں پر 25 رنز اسکور کیے۔ جلد ہی 129 کے اسکور پر جوس بٹلر بھی چھکا مارنے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 33 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔
فلپس اور بٹلر کے آؤٹ ہوتے ہی رنز بنانے کی رفتار یکسر کم ہو گئی۔ پانچویں نمبر پر آنے والے واشنگٹن سندر 16 گیندوں پر صرف 18 رنز بنا سکے، جبکہ شاہ رخ خان بھی 6 گیندوں پر محض 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ راہول تیوتیا 10 گیندوں پر 11 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔پنجاب کی جانب سے مارکو یانسن نے انتہائی نپی تلی گیند بازی کی اور 4 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ یوزویندر چہل نے 4 اوورز میں 28 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وشاک نے 4 اوورز میں 34 رنز دیے جبکہ ارشدیپ سنگھ کچھ مہنگے ثابت ہوئے، انہوں نے اپنے 4 اوورز میں 42 رنز دیے۔ ارشدیپ نے اننگز کا آخری اوور کافی طویل کیا جو وائڈ گیندوں کی وجہ سے 11 گیندوں پر مشتمل تھا۔