نئی دہلی، 29 مارچ (یو این آئی): وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ‘من کی بات کی 132ویں قسط میں کھیلوں کی دنیا میں ملنے والی حالیہ کامیابیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے ٹی-20 ورلڈ کپ کا خطاب جیتنے والی ہندوستانی ٹیم اور پہلی بار رنجی ٹرافی کی فاتح بننے والی جموں و کشمیر کی ٹیم کی بھرپور ستائش کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے 8 مارچ کو منعقد ہونے والی ‘اسمیتا لیگ کا بھی خاص طور پر ذکر کیا۔وزیرِ اعظم مودی نے جموں و کشمیر کی تاریخی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “ملک بھر کے کھیل پریمیوں کے لیے یہ مہینہ جوش اور ولولے سے بھرپور رہا ہے۔ جب ہندوستان نے ٹی-20 ورلڈ کپ میں تاریخی جیت درج کی تو پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ہمیں اپنی ٹیم کی اس شاندار کامیابی پر فخر ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں کرناٹک کے ہبلی میں ایک انتہائی دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا، جہاں جموں و کشمیر کی کرکٹ ٹیم نے رنجی ٹرافی اپنے نام کر کے تاریخ رقم کر دی۔ تقریباً سات دہائیوں کے طویل انتظار کے بعد اس ٹیم نے اپنا پہلا رنجی خطاب حاصل کیا ہے۔وزیرِ اعظم نے ٹیم کے کپتان پارس ڈوگرا کی مہارت اور کشمیر کے نوجوان گیند باز عاقب نبی کی کارکردگی کی تعریف کی، جنہوں نے رنجی سیزن میں 60 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں میں کھیلوں، بالخصوص فٹ بال اور کرکٹ کے تئیں بڑھتا ہوا جوش مستقبل میں کھیلوں کے فروغ کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوگا۔ناری شکتی (خواتین کی طاقت) کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے 8 مارچ کو منعقدہ ‘اسمیتا ایتھلیٹکس لیگ کا حوالہ دیا، جس میں تقریباً 2 لاکھ بیٹیوں نے شرکت کی۔ انہوں نے اسے زمینی سطح سے قومی سطح تک خواتین کی قیادت میں ابھرتے ہوئے کھیلوں کے معیار کی علامت قرار دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اتر پردیش کے باصلاحیت کھلاڑی گلویر سنگھ کا بھی ذکر کیا، جنہوں نے نیویارک سٹی ہاف میراتھن میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے تاریخ رقم کی اور ایک گھنٹے سے کم وقت میں ہاف میراتھن مکمل کرنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بنے۔ وزیرِ اعظم نے اپنے مشہور قول کو دہراتے ہوئے کہا، “جو کھیلے گا، وہ کھلے گا۔









