بنکاک (تھائی لینڈ)، 27 مارچ (یو این آئی) ہندوستان کے کمپاؤنڈ تیر اندازوں نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمعہ کو ‘ایشیا کپ 2026 تیر اندازی اسٹیج ون ٹورنامنٹ کے مردوں کے انفرادی زمرے میں پوڈیم پر مکمل قبضہ کر لیا۔اودے کمبوج نے ایشیائی کھیلوں کے تمغہ یافتہ پرتھمیش جاوکر کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں 144-145 سے ہرا کر مردوں کے انفرادی کمپاؤنڈ فائنل میں سونے کا تمغہ جیتا۔ دوسرے اینڈ تک اودے کمبوج 57-59 سے پیچھے چل رہے تھے، لیکن تیسرے اینڈ میں انہوں نے بہترین 30 اسکور کیا اور چوتھے اینڈ میں برتری حاصل کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کر لی۔ کانسی کے تمغے کے لیے ہونے والے میچ میں رجت چوہان نے تھائی لینڈ کے پیراوت رتنا پونگ کیاٹ کو 144-145 سے شکست دے کر ہندوستان کے لیے پوڈیم کے تمام تمغے یقینی بنا دیے۔خواتین کے انفرادی کمپاؤنڈ مقابلے میں ہندوستان کی تیزل سالوے نے ماریا ڈیمیڈیوک کو 135-144 سے شکست دی۔ ہندوستانی تیر انداز نے 15 تیروں میں صرف چھ پوائنٹس گنوائے۔ دریں اثنا، ٹیم مقابلوں میں بھی ہندوستانی بالادستی برقرار رہی، جہاں مکسڈ اور خواتین کی ٹیموں نے بالترتیب طلائی اور چاندی کے تمغے جیتے۔کمپاؤنڈ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں ہندوستان کی ٹاپ سیڈ جوڑی چِکیتا تنی پارتھی اور رجت چوہان نے ایک سخت مقابلے کے بعد ملیشیا کی جوڑی کو 156-158 سے ہرا کر سونا جیتا۔ ایک مرحلے پر ملیشیا کی جوڑی نے تیسرے اینڈ میں 40 کا پرفیکٹ اسکور کر کے برتری حاصل کر لی تھی، لیکن آخری اینڈ میں چِکیتا اور رجت نے مسلسل چار ’10’ اسکور کر کے دو پوائنٹس سے فتح حاصل کر لی۔دوسری جانب، چِکیتا تنی پارتھی، راج کور اور تیزل سالوے پر مشتمل ہندوستانی خواتین کی کمپاؤنڈ ٹیم کو فائنل میں قازقستان کے ہاتھوں 227-229 سے شکست کے بعد چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ ہندوستان نے ہاف ٹائم تک 113-115 سے برتری برقرار رکھی تھی، لیکن تیسرے اینڈ میں کارکردگی متاثر ہونے کی وجہ سے قازقستان نے بازی پلٹ دی۔جمعہ کو انفرادی اور ٹیم مقابلوں میں جیتے گئے چھ تمغوں کے ساتھ، ہندوستان نے ٹورنامنٹ کا اختتام کل آٹھ تمغوں (دو سونے، دو چاندی اور چار کانسی کے تمغے) کے ساتھ کیا۔









