نئی دہلی، 24 مارچ (یو این آئی ) ہندوستانی سینئر مردوں کی قومی فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ خالد جمیل نے اے ایف سی ایشیا کپ (سعودی عرب 2027) کوالیفائرز کے آخری راؤنڈ میں ہانگ کانگ کے خلاف ہونے والے مقابلے کے لیے 23 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ میچ 31 مارچ 2026 کو کھیلا جائے گا۔بلیو ٹائیگرز نے منگل سے کوچی میں اپنے تربیتی کیمپ کا آغاز کر دیا ہے، جہاں 20 کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف پہلے ہی پہنچ چکے ہیں۔ ڈیفنڈر انور علی، مڈ فیلڈر جیکسن سنگھ اور فارورڈ ایڈمنڈ لالرندیکا، جنہوں نے 23 مارچ کو محمدن اسپورٹنگ کلب کے خلاف اپنا آئی ایس ایل میچ کھیلا تھا، منگل کی شام تک ٹیم جوائن کریں گے۔اگرچہ ہندوستان ایشیا کپ کی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے، لیکن کوچ خالد جمیل اس میچ کو مستقبل کی ٹیم سازی کے لیے اہم قرار دے رہے ہیں۔ ہیڈ کوچ خالد جمیل نے کہا کہ یہ ہمارے لیے مستقبل کی ٹیم تیار کرنے کا بہترین موقع ہے۔ ہمارے پاس انڈر-20 اور انڈر-23 ٹیموں میں بہت سا ٹیلنٹ موجود ہے جو اس وقت مالدیپ اور اروناچل پردیش میں کھیل رہا ہے۔ اسسٹنٹ کوچ مہیش گاولی ان نوجوانوں کو سینئر سسٹم کے ساتھ جوڑنے میں مدد کریں گے۔
ٹیم کی فہرست:گول کیپرز: البینو گومس، گروپریت سنگھ سندھو، وشال کیتھ۔ڈیفینڈرز: ابھیشیک سنگھ ٹیکچام، آکاش مشرا، انور علی، بجوئے ورگیز، نکھل پجاری، راہل بھیکے، روشن سنگھ ناؤریم، سندیپ جھنگن۔مڈفیلڈرز: آشک کرونین، دانش فاروق بھٹ، جیکسن سنگھ تھوناؤجام، لالینگماویا رالٹے، ساحل عبدالصمد۔فارورڈز: ایڈمنڈ لالریندیکا، فاروق چودھری، لالیانزوالا چھانگتے، لسٹن کولاکو، منویر سنگھ، رحیم علی، ریان ولیمز۔ہیڈ کوچ :خالد جمیل۔









