جے پور، 24 مارچ (یو این آئی ) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ کی ایک بڑی کاروباری پیش رفت میں، موجودہ شیئر ہولڈر کل سومانی نے راجستھان رائلز کی مکمل ملکیت حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے جے پور کی اس ٹیم کو 1.63 ارب ڈالر (تقریباً 16,290 کروڑ روپے) میں خرید کر فرنچائز کے تمام حقوق اپنے نام کر لیے ہیں۔
کل سومانی ایک ایسے گروپ کی سربراہی کر رہے ہیں جس میں عالمی ریٹیل کمپنی وال مارٹ بھی شامل ہے۔ اس گروپ نے آئی پی ایل کی ان ابتدائی آٹھ ٹیموں میں سے ایک، راجستھان رائلز کے 100 فیصد حصص خرید لیے ہیں۔ توقع ہے کہ 2026 کے سیزن کے بعد وہ برطانیہ میں مقیم ایمرجنگ میڈیا کے منوج بڈالے سے ٹیم کی باقاعدہ کمان سنبھال لیں گے۔ اس ٹیم کو خریدنے کی دوڑ میں ‘ٹائمز گروپ بھی شامل تھا، تاہم وہ بولی کے عمل میں دوسرے نمبر پر رہا۔
کل سومانی کون ہیں؟
50 سالہ کل سومانی کا تعلق اسکاٹس ڈیل، ایریزونا (امریکہ) سے ہے۔ وہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ گولف میں بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور ‘موٹر سٹی گولف کلب’ کے بانیوں میں سے ایک ہیں، جس کا تعلق گولف لیجنڈ ٹائیگر ووڈز سے ہے۔ وہ متعدد کمپنیوں کے بانی ہیں اور ان کی دلچسپی تعلیم سے لے کر کھیلوں تک پھیلی ہوئی ہے۔ن کا بیٹا، ارجن سومانی، یو ایس جونیئر سرکٹ میں ایک شاندار ٹیلنٹ ہے۔
انڈسٹری ماہرین کے مطابق راجستھان رائلز کی 1.6 ارب ڈالر کی قیمت حیران کن نہیں ہے۔ ‘الارا کیپیٹل کے کرن تورانی کا کہنا ہے کہ یہ ڈیل آئی پی ایل فرنچائزز کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ثابت کرتی ہے۔ اب ایک آئی پی ایل ٹیم کی مالیت 1.5 سے 2 ارب ڈالر کی رینج میں پہنچ چکی ہے، جس کی بڑی وجہ میڈیا رائٹس سے ہونے والی آمدنی اور عالمی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی ہے۔
آئی پی ایل فرنچائز معاہدے کے مطابق، ملکیت کی تبدیلی کی صورت میں ٹرانزیکشن کی کل رقم کا 5 فیصد حصہ بی سی سی آئی کو ادا کرنا ہوتا ہے۔ اس ڈیل کے لحاظ سے بی سی سی آئی کو تقریباً 8.1 کروڑ روپے (جو کہ 5 فیصد کے تناسب سے بنتے ہیں) ادا کیے جائیں گے۔









