ممبئی، 20 مارچ(یواین آئی ) ہندوستان کی ابھرتی ہوئی اسٹار اناہت سنگھ، تجربہ کار جوشنا چنپا اور مردوں کے زمرے میں ابھے سنگھ نے اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے انڈین اوپن اسکواش 2026 کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
سی سی آئی بریبورن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچوں میں ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپیئن 17 سالہ اناہت سنگھ نے مصر کی فریدہ ولید کو یکطرفہ مقابلے میں 3-0 سے شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی۔تنوئی کھنہ نے مصر ہی کی نور خفازی کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا اور اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے 3-0 سے کامیابی حاصل کی۔ پانچویں سیڈ جوشنا نے آئرلینڈ کی برین فلن کو 3-1 سے ہرا کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔مردوں کے زمرے میں بھارتی کھلاڑیوں کے لیے دن ملا جلا رہا۔
۔ سیکنڈ سیڈ ابھے سنگھ نے ہانگ کانگ کے میتھیو لائی کو 3-0 سے زیر کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مصر کے ٹاپ سیڈ یحیٰ النواسانی کی شکست کے بعد اب ابھے سنگھ ٹورنامنٹ کے سب سے اعلیٰ درجہ کھلاڑی بن گئے ہیں۔جرمن کھلاڑی یانک اوملور کے انجری کے باعث دستبردار ہونے پر ویر چوترانی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ ویلون سینتھل کمار اور رمت ٹنڈن کو اپنے اپنے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔









