نئی دہلی (یو این آئی) تھائی لینڈ کے میدانوں میں جاپان کے خلاف اپنے پہلے معرکے سے محض دو ہفتے قبل، ہندوستان کی انڈر 20 خواتین نیشنل فٹ بال ٹیم ایک تاریخی واپسی کے لیے پرعزم ہے۔ پورے 20 سال کے طویل انتظار کے بعد، ہندوستان ایک بار پھر ‘اے ایف سی انڈر 20 ویمنز ایشین کپ کے اسٹیج پر جلوہ گر ہو رہا ہے، جہاں 2 اپریل کو کپتان شبھانگی سنگھ اس مشکل مگر اہم مشن میں ٹیم کی قیادت کریں گی۔کپتان شبھانگی کے لیے میانمار میں حاصل کی گئی کوالیفیکیشن محض ایک جشن نہیں بلکہ ایک ادھورے مقصد کی تکمیل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کے ذہن میں شروع سے ہی کوالیفائی کرنے کا پختہ ارادہ تھا، اس لیے یہ کامیابی ان کے لیے حیران کن نہیں بلکہ ان کی محنت کا منطقی نتیجہ ہے۔ اب یہی اعتماد ٹیم کو اس بڑے چیلنج کے لیے تیار کر رہا ہے جسے شبھانگی ایک “بڑی آزمائش” قرار دیتی ہیں۔









