فلوریڈا،19 مارچ (یو این آئی ) اسٹار فٹ بالر لیونل میسی نے اپنے شاندار کیریئر میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ بدھ کی شب کوناکاف چیمپئنز کپ کے راؤنڈ آف 16 میں نیش وِل کے خلاف کھیلے گئے میچ کے ابتدائی لمحات میں میسی نے اپنے کیریئر کا 900 واں گول داغ دیا۔میجر لیگ ساکر کے مسلسل دو بار ایم وی پی رہنے والے، آٹھ بار بیلن ڈی اور ایوارڈ یافتہ اور ورلڈ کپ چیمپئن میسی نے یہ سنگ میل اپنے روایتی انداز میں عبور کیا۔ ساتویں منٹ میں باکس کے وسط میں پاس وصول کرنے کے بعد، انہوں نے گیند پر قابو پایا، پینترا بدلا اور دفاعی کھلاڑیوں کے ہجوم کے درمیان سے اپنے بائیں پاؤں سے ایک نچلی شاٹ لگائی جو سیدھی جال کے کونے میں جا گری۔
افیشیل اعداد و شمار کے مطابق، کرسٹیانو رونالڈو واحد دوسرے مرد کھلاڑی ہیں جنہوں نے 900 سے زائد گول کر رکھے ہیں۔ تاہم، میسی نے رونالڈو کے مقابلے میں تقریباً 100 میچ کم کھیل کر یہ ہدف حاصل کیا ہے۔ رونالڈو نے ستمبر 2024 میں 39 برس کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا، جبکہ میسی رواں برس جون میں 39 سال کے ہوں گے۔
اس تاریخی کامیابی پر کھیل کی دنیا کی دیگر نامور شخصیات نے بھی میسی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ باسکٹ بال کے لیجنڈ میجک جانسن نے سوشل میڈیا پر اسے ایک “ناقابل یقین حدف” قرار دیتے ہوئے میسی کو مبارکباد دی۔ اگرچہ برازیلین لیجنڈ پیلے کے حوالے سے بھی 1000 سے زائد گولز کے دعوے کیے جاتے ہیں، لیکن ان کے سرکاری گولز کی تعداد 800 کے قریب تسلیم کی جاتی ہے۔
تاریخی گول کے باوجود میسی کے لیے یہ رات جشن کی ثابت نہ ہو سکی۔ نیش وِل نے انٹر میامی کے خلاف میچ 1-1 سے برابر کر دیا اور “اوے گول” کی بنیاد پر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، کیونکہ دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ ہفتے ہونے والا پہلا لیگ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔ نیش وِل کے کوچ بی جے کالاگھن نے میچ کے بعد میسی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں دنیا کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔لیونل میسی فٹ بال کی دنیا کے سب سے مقبول کھلاڑی برقرار ہیں۔ انٹر میامی میں ان کی شمولیت کے بعد سے ان کی نمبر 10 کی جرسی لیگ میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی جرسی رہی ہے۔ ان کے اعزازات کی فہرست طویل ہے، 47 ٹرافیاں جیتنے کے بعد وہ مردوں کے فٹ بال کی تاریخ کے سب سے کامیاب کھلاڑی بن چکے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ رواں برس امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ایک بار پھر ارجنٹائن کی نمائندگی کریں گے۔