نئی دہلی (یواین آئی)جاگریب اوپن 2026 میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی خاتون پہلوان نیلم سروہی نے کہا ہے کہ وہ کرغزستان کے شہر بشکیک میں ہونے والی ایشین ریسلنگ چیمپئن شپ (سینیئر) کے لیے بھرپور تیاریاں کر رہی ہیں۔ یو این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ ٹرائلز میں کامیابی حاصل کر کے اس اہم مقابلے میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گی۔نیلم سروہی، جو اس وقت نئی دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں تربیتی کیمپ کا حصہ ہیں، نے اس ٹورنامنٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ایشین چیمپئن شپ سے ایشیائی کھیلوں کے اہم حریفوں کی طاقت اور تکنیک کا اندازہ لگانے میں مدد ملے گی۔ نیلم کو ‘ٹارگیٹ ایشین گیمز گروپ’ کے ذریعے حکومتی سرپرستی اور مدد حاصل ہو رہی ہے۔آئندہ چند دنوں میں چیمپئن شپ کے لیے ٹرائلز منعقد ہوں گے، جس کے بعد ٹیم کا حتمی انتخاب کیا جائے گا۔نیلم نے اپنی کامیابیوں اور ریسلنگ سے لگاؤ کے بارے میں دلچسپ تفصیلات شیئر کیں۔
وہ پہلوانوں کے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے والد، چچا اور دادا سبھی پہلوان تھے، اور ان کے والد نے انہیں بچپن سے ہی اس کھیل کے لیے تیار کیا۔
انہوں نے جاپان کی دو بار کی اولمپک میڈلسٹ یوئی سوساکی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تکنیکی مہارت اور رفتار بہت متاثر کن ہے۔اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی کوچ بھارتی، جو آئی جی اسٹیڈیم میں کیمپ کی نگرانی کر رہی ہیں، نے ٹیم کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ کوچ نے بتایا کہ اس وقت پہلوانوں کی رفتار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستانی ٹیم ایشین چیمپئن شپ میں بڑی تعداد میں تمغے جیتے گی، جن میں سونے کے تمغوں کی تعداد زیادہ ہوگی۔