بینکاک، 14 مارچ (یو این آئی): ہندوستان کے نوجوان باکسروں نے بینکاک میں ورلڈ باکسنگ فیوچرز کپ 2026 میں اپنی شاندار کارکردگی برقرار رکھی ہے، جہاں چندریکا، گنجن، جوئے شری دیوی اور امبیکر میتیئی ہفتہ کو اپنے سیمی فائنل مقابلوں میں فتح حاصل کر کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔خواتین کے 51 کلوگرام زمرے میں، چندریکا نے مراکش کی ریحب حمدون کو دوسرے راؤنڈ میں ‘ریفری اسٹاپڈ کانٹیسٹ(آر ایس سی) کے ذریعے ہرا کر گولڈ میڈل مقابلے میں اپنی جگہ پکی کر لی۔ خواتین کے 48 کلوگرام زمرے میں، گنجن نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شمالی کوریا کی یو گیونگ کم کو 0-5 کے متفقہ فیصلے سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔
جوئے شری دیوی (54 کلوگرام) نے ایک اور زبردست کارکردگی دکھائی اور پہلے ہی راؤنڈ میں میکسیکو کی صوفیہ ریمیریز کو ‘ریفری اسٹاپڈ کانٹیسٹ’ (آر ایس سی) کے ذریعے روک کر فائنل میں جگہ بنائی۔ مردوں کے 50 کلوگرام زمرے میں، امبیکر میتیئی بھی ازبکستان کے عبدوگانی یارکنجونوف پر 0-5 کے متفقہ فیصلے سے جیت درج کر کے فائنل میں پہنچ گئے۔دریں اثنا، رادھامنی لونگ جام (57 کلوگرام) نے ایک قریبی مقابلہ لڑا لیکن سیمی فائنل میں یوکرین کی ایوانہیلینا پیٹروک سے 3-2 سے ہار گئیں اور کانسی کے تمغے (برونز میڈل) کے ساتھ اپنا سفر ختم کیا۔ اب چار ہندوستانی باکسر فائنل میں پہنچ چکے ہیں اور ٹیم کی کوشش ہوگی کہ اس مضبوط کارکردگی کو سونے کے تمغے میں تبدیل کیا جائے۔ورلڈ باکسنگ فیوچرز کپ، جو 8 سے 15 مارچ تک بینکاک میں منعقد ہو رہا ہے، اس میں دنیا بھر کے ہونہار نوجوان باکسر یوتھ اولمپک ویٹ کیٹیگریز میں حصہ لے رہے ہیں، جس سے اگلی نسل کے باکسروں کو قیمتی بین الاقوامی تجربہ حاصل ہو رہا ہے۔









