ہاکی ٹیم نے ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا
حیدرآباد، 14 مارچ (یو این آئی) ہندوستان کی خواتین ہاکی ٹیم کو اتوار کو کھیلے گئے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر کے فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد دوسری پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔ تاہم، اس نتیجے کے باوجود ہندوستانی ٹیم نے بیلجیئم اور نیدر لینڈز میں منعقد ہونے والے آئندہ ‘ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026’ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔حیدرآباد کے جی ایم سی بالیوگی ہاکی گراؤنڈ پر کھیلے گئے فائنل میں انگلینڈ نے ہندوستان کو 0-2 سے شکست دی۔ انگلینڈ کی جانب سے گریس بالسڈن نے 13ویں منٹ میں اور الزبتھ نیل نے 43ویں منٹ میں گول اسکور کیے۔ہندوستان نے کھیل کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور نونیت کور نے ابتدائی دو منٹ میں ہی ٹیم کو پینلٹی کارنر دلانے میں مدد کی، لیکن انگلش گول کیپر نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔ پہلے کوارٹر کے اختتام سے دو منٹ قبل انگلینڈ نے پینلٹی کارنر حاصل کیا، جس کا گریس بالسڈن نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کو برتری دلا دی۔دوسرے ہاف میں بھی مقابلہ سخت رہا۔ ہندوستانی ٹیم آٹھ بار حریف کے سرکل میں داخل ہوئی لیکن انگلینڈ کے مضبوط دفاع کو توڑنے میں ناکام رہی۔ کھیل کے 43ویں منٹ میں مڈ فیلڈر الزبتھ نیل کی ایک شاٹ ہندوستانی ڈیفنڈر سے ٹکرا کر گول میں چلی گئی، جس سے انگلینڈ کی برتری 0-2 ہو گئی۔آخری کوارٹر میں ہندوستان نے واپسی کے لیے سخت جدوجہد کی اور میچ کے آخری لمحات میں ایک پینلٹی کارنر بھی حاصل کیا، لیکن اسے گول میں تبدیل نہ کر سکا اور یوں مقابلہ انگلینڈ کے نام رہا۔









