دبئی،12 مارچ ( یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان کا ماننا ہے کہ سنجو سیمسن کی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے سیزن میں چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) میں شمولیت ٹیم کے لیے ایک بہت بڑا اثاثہ ثابت ہوگی۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل کے 19 ویں ایڈیشن سے قبل چنئی نے سنجو سیمسن کو 18 کروڑ روپے کے عوض راجستھان رائلز سے ٹریڈ (تبادلہ) کیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چنئی سپر کنگز اپنے پہلے ہی میچ میں 30 مارچ کو راجستھان رائلز کا سامنا کرے گی۔ جیو اسٹار سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان پٹھان نے کہاسنجو سیمسن کی موجودگی سے چنئی کو بہت فائدہ ہوگا کیونکہ راجستھان رائلز کو ان سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔ وہ چنئی کو راجستھان کی حکمت عملی، پاور پلے کے انداز اور باؤلرز کی نفسیات کے بارے میں ‘اندرونی معلومات فراہم کر سکتے ہیں۔”
پٹھان نے مزید کہا کہ راجستھان کے بہت سے نوجوان کھلاڑی سنجو کی کپتانی میں کھیل چکے ہیں، اس لیے وہ چنئی کے لیے ایک تزویراتی برتری ثابت ہوں گے۔سنجو سیمسن تقریباً ایک دہائی تک راجستھان رائلز کا چہرہ رہے۔ انہوں نے 11 سیزنز تک فرنچائز کی نمائندگی کی اور 2021 میں کپتان مقرر ہوئے۔ ان کی قیادت میں راجستھان 2022 میں فائنل تک پہنچی۔ وہ 155 میچوں میں 4,219 رنز کے ساتھ راجستھان کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔
آئی پی ایل 2025 میں وہ انجری کے باعث آدھا سیزن نہیں کھیل سکے تھے، جس کی وجہ سے راجستھان کی ٹیم نویں نمبر پر رہی۔عرفان پٹھان نے 12 اپریل کو ممبئی انڈینز اور دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو کے درمیان ہونے والے میچ کو بھی سیزن کا ایک بڑا ٹکراؤ قرار دیا ہے۔ انہوں نے روہت شرما اور ویراٹ کوہلی کی فارم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں یہ مقابلہ دیکھنے کے لائق ہوگا۔بی سی سی آئی نے آئی پی ایل 2026 کے پہلے مرحلے کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔آغاز 28 مارچ (بنگلورو بمقابلہ حیدرآباد) کے میچ سے ہوگا۔۔پہلا مرحلہ 28 مارچ سے 12 اپریل تک چلے گا۔ باقی شیڈول کا اعلان ریاستی انتخابات کی تاریخوں کے بعد کیا جائے گا۔









