بیسل (سوئٹزرلینڈ)،12 مارچ ( یو این آئی) سوئس اوپن 2026 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے کرن جارج نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنگاپور کے سابق ورلڈ چیمپئن لوہ کین یو کو شکست دے کر دوسرے مرحلے میں رسائی حاصل کر لی ہے۔ دوسری جانب مکسڈ ڈبلز میں دھرو کپیلا اور تنیشا کراسٹو کی جوڑی نے ڈنمارک کے سیڈڈ کھلاڑیوں کو ہرا کر بڑا الٹ پھیر کر دیا ہے۔بدھ کے روز سینٹ جیکب شیل میں کھیلے گئے مینز سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں دنیا کے 42 ویں نمبر کے کھلاڑی کرن جارج نے 11 ویں رینکنگ کے حامل لوہ کین یو کو 41 منٹ کے سخت مقابلے کے بعد 21-23، 19-21 سے پچھاڑ دیا۔کرن جارج کا اگلا مقابلہ ہانگ کانگ کے جیسن گناوان سے ہوگا، جنہوں نے سابق نمبر ون ہندوستانی کھلاڑی کدامبی سری کانت کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔
تھارون منے پلی نے جاپان کے پانچویں سیڈڈ کینٹا نشیموٹو کے خلاف برتری حاصل کی ہوئی تھی جب نشیموٹو کندھے کی تکلیف کے باعث میچ سے دستبردار ہو گئے۔ تھارون اب ملائیشیا کے جسٹن ہوہ کے مدمقابل ہوں گے۔
دھرو کپیلا اور تنیشا کراسٹو نے ڈنمارک کی چوتھی سیڈڈ جوڑی جسپر ٹوفٹ اور امالی میگلنڈ کو 15-21، 14-21 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ٹورنامنٹ میں جہاں کچھ کھلاڑیوں نے فتوحات سمیٹیں، وہیں کئی نامور ہندوستانی کھلاڑی پہلے ہی راؤنڈ میں شکست کھا کر باہر ہو گئے۔ایچ ایس پرنئے کے میچ سے قبل دستبرداری کی وجہ سے جاپانی کھلاڑی کو واک اوور مل گیا۔ایوش شیٹی کینیڈا کے برائن یانگ سے شکست کھا گئے۔مالویکا بنسوڈ تھائی لینڈ کی پورن پاووی چوچوونگ سے ہار گئیں۔تنوی شرما اورانتی ہڈا کو بھی اپنے اپنے مقابلوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔